لاپتہ افراد کے لواحقین کا لانگ مارچ اسلام آباد پہنچ گیا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ بی بی سی) لاپتہ افراد کے لواحقین کا لانگ مارچ اسلام آباد پہنچ گیا۔ مارچ کی قیادت ماما قدیر کر رہے ہیں، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ میڈیا کے مطابق لاپتہ افراد کے لواحقین کا لانگ مارچ کوئٹہ سے شروع ہوا تھا، کوئٹہ سے شروع ہونے والا لانگ مارچ دو مرحلوں میں اسلام آباد پہنچا۔ مارچ کا آغاز 27 اکتوبر کو کوئٹہ سے ہوا، شرکا 22 نومبر کو کراچی پہنچے، دوسرے مرحلے میں لانگ مارچ کے شرکا 13 دسمبر کو کراچی سے اسلام آباد روانہ ہوئے۔ راولپنڈی پہنچنے کے بعد بی بی سی اردو سے بات کرتے لانگ مارچ کے روح رواں ماما قدیر بلوچ نے بتایا کہ اقوام متحدہ کو بلوچستان میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہئے۔ وہ اقوام متحدہ کے دفتر کو یادداشت پیش کریں گے کہ اقوام متحدہ بلوچستان میں جاری کارروائیاں بند کرنے کے لئے حکومت پر دبائو ڈالے۔