آئی ایم ایف سے قرضے کی ضرورت ریاست نہیں حکمرانوں کو ہے: ڈاکٹر ابراہیم مغل
لاہور (کامرس رپورٹر) چیئرمین ایگر ی فورم ڈاکٹر ابراہیم مغل نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرضے کی ریاست کو نہیں بلکہ حکمرانوں کو ضرورت ہے۔آئی ایم ایف سے لئے گئے قرض کا ایک بھی ڈالر غیر ترقیاتی اخراجات پر خرچ نہیں ہونا چاہیے ملک آج کل ان حالات سے گزر رہا ہے کہ اگر یہاں چھ ماہ کیلئے معاشی ایمرجنسی لگا کر غیر ترقیاتی اخراجات کو 40%کم کردیا جائے تو حکمرانوںکو بھی بیرونی قرضہ لینے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر بیرون ممالک رہنے والے پاکستانیوں کو اعتماد دیا جائے اور ان سے سنجیدہ اپیل کی جائے اور ان کی بھیجی ہوئی رقوم پر انہیں جائز منافع دیا جائے تو پاکستانی بھائی آج بھی 30سے40 ارب ڈالر پاکستان میں بھیج سکتے ہیں۔ حکمرانوں کو ملکی یا غیر ملکی قرض لینے کی نسبت اخراجات میں بچت کرنا چاہیے اور اس کے ساتھ ساتھ نئے نوٹ پرنٹ کرکے افراط زر بڑھانے کی نسبت ملکی برآمدات30 ارب ڈالر تک لے جانے اور درآمدات میں غیر ضروری اشیاء کی 7ارب ڈالر کٹوتی کرکے ہم آج بھی اپنا تجارتی خسارہ ختم کرکے بیرونی طاقتوں کے سامنے ہاتھ پھیلانے سے بچ سکتے ہیں اور اپنے پائوں پر کھڑا ہوسکتے ہیں اور ملکی پیداوار بڑھا کر غریب کے مفادات کا تحفظ کرسکتے ہیں۔