سندھ میں سونامی کو آنے کا موقع نہیں ملا تھا، سب کو برابر حقوق دینگے: عمران
سکھر (نیٹ نیوز+ آئی این پی) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے دونوں بڑی جماعتوں کے لیڈروں کے اوپر کرپشن کے کیس ہیں، دونوں ایک دوسرے کے خلاف مقدمہ نہیں کریں گے۔ سکھر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا سارا پاکستان تقسیم کیا جارہا تحریک انصاف پاکستانیوں کو ایک قوم بنائے گی، اس وقت پاکستان کو ایک قوم بنانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا وقت کی کمی کے باعث سندھ میں سونامی کو آنے کا موقع نہیں ملا تھا، ہماری کوشش ہوگی انصاف کا پیغام سارے پاکستان میں لے کرجائیں، جن جماعتوں نے وعدے کئے انہوں نے حالات ٹھیک کرنے ہوتے تو اب تک ہو جاتے، انہوں نے کہا اللہ کبھی کسی قوم کی حالت نہیں بدلتا جب تک وہ خود اپنے حالات بدلنے کی کوشش نہ کرے، مدینہ کی ریاست کی بنیاد انصاف اور قانون کی بالادستی پر رکھی گئی، اسی طرح پاکستان میں قانون کی بالادستی قائم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا سندھ میں سب سے زیادہ ظلم ہے، بڑا جاگیردار چھوٹے کسان پر ظلم کرتا ہے، تحریک انصاف سندھ میں ایسے ہی پھیلے گی جس طرح پنجاب اور خیبر پی کے میں پھیلی۔ آئی این پی کے مطابق انہوں نے کہا سارا پاکستان تقسیم کیا جا رہا ہے لیکن ہم اسے متحد کریں گے کیونکہ ہم سب کو ایک قوم بنانے نکلے ہیں اب پورے سندھ کے دورے کریں گے۔ اور ہم سب کو برابر کے حقوق دیں گے۔