• news

مقبوضہ کشمیر: 7 نوجوانوں کی شہادت کیخلاف مکمل ہڑتال‘ یاسین ملک سمیت متعدد حریت رہنما گرفتار: شبیر شاہ نظربند

سری نگر (کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر کے سرحدی ضلع کپواڑہ  بھارتی فوج کے ہاتھوں  جعلی مقابلے میں 7 نوجوانوں کی شہادت  پر جمعہ کو مقبوضہ کشمیر میں عام ہڑتال سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا۔  ہڑتال کی اپیل  کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے  دی تھی۔ ہڑتال کے موقع  پر مقبوضہ کشمیر بھر میں احتجاجی جلسے جلوس اور مظاہرے ہوئے۔ علی گیلانی کی ہڑتال کال کے پیش نظر حساس علاقوں میں اضافی سکیورٹی کا اہتمام کیاگیا تھا جبکہ حریت رہنما  شبیر احمد شاہ کو بھی گھر پر نظر بند کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ حریت ( گ ) ترجمان ایاز اکبر اور حریت ( ع ) کے سینئر لیڈر ظفر اکبر بٹ کوحراست میں لیا گیا۔ حریت کانفرنس جموں و کشمیر کے ترجمان نے بتایا کہ شبیر احمد شاہ کو اس وقت گھر پر نظر بند کر دیا گیا جب وہ بٹہ مالو سے واپس اپنی رہائش گاہ پہنچے۔ ہڑتال کے پیش نظر حکام نے سری نگر سمیت وادی کے تمام ضلع و تحصیل  صدر مقامات پر اضافی سکیورٹی بندوبست کیا گیا تھا۔اس موقع پر یاسین ملک کو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا ۔   ادھر شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں  چوتھے  روز بھی ہڑتال جاری رہی جبکہ لا ل پورہ میں لو گو ں نے کرفیو توڑنے کی ایک بار پھر کوشش کی جس کے بعد پو لیس اور مظاہرین کے درمیا ن پتھرائو اور جھڑپیں شروع ہوئی  جس سے متعدد  افراد زخمی  ہو گئے۔ دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس گ کے چیئرمین علی گیلانی نے پھانسی کی سزا پانے والے تین کشمیری نوجوانوں راج الدین ، شبیر احمد اور نذیر احمد کی سزا سری نگر ہائی کورٹ کی طرف سے منسوخ کئے جانے پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ انہو ںنے اٹھارہ سال سے عمر قید کاٹ رہے محمد امین ڈار بانہال کی امپھالہ جیل جموں میں بگڑی صحت پر اپنی گہری تشویش اور فکر مندی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی ریڈ کراس کمیٹی کے ریاست میں تعینات ذمہ داروں سے پرزور اپیل کی کہ وہ اس قیدی کی صحت کی تشویشناک حالت کا فوری نوٹس لیں اور ان کے فوری اور مناسب علاج و معالجے میں اپنی طرف سے تعاون کریں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جب تک عالمی برادری جموں  کشمیر میں کردار ادا کرنے کے  لئے آگے نہیں آتی۔ اس خطے میں  بے گناہوں  کا قتل عام  جاری رہے گا اور مشکوک حالات میں لوگوں کی ہلاکتیں ہوتی رہیں گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن