اہم قومی معاملات پر سیاسی ہم آہنگی کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت پر یقین رکھتے ہیں: وزیراعظم
اسلام آباد (ثناء نیوز)وزیر اعظم ڈاکٹر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اہم قومی معاملات پر سیاسی ہم آہنگی کے لیے شراکت داروں سے مشاورت پر یقین رکھتے ہیں ۔سب کو ساتھ لیکر چلیں گے قیام امن اولین ترجیح ہے حکومت اس جانب اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی داخلی سلامتی کے تحفظ کی قومی پالیسی پر منتخب نمائندوں کی قابل عمل تجاویز کا خیرمقدم کریں گے ۔جمہوری نظام کے لئے سیاسی کارکنوں کی جدوجہد کی قدر کرتے ہیں۔ پارٹی کو مضبوط کرنے کے سلسلے میں کارکنوں کے احساسات سے آگاہ ہیں ۔ وزیر اعظم نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) سندھ کے جنرل سیکرٹری سلیم ضیا ء سے ملاقات میں کیا ۔ملاقات میں پارٹی امور بالخصوص سندھ میں پارٹی کو منظم کرنے سے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اس ضمن میں صوبائی جنرل سیکرٹری کو اہم ہدایات دیں ۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال ،قیام امن بالخصوص کراچی میں امن و امان برقرار رکھنے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ امن و امان کے سلسلے میں صوبائی حکومتوں سے مکمل تعاون کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم پہلے روز ہی سے خوشگوار سیاسی تعلقات کے متمنی ہیں۔ انہوں نے پارٹی کو مضبوط کرنے کے سلسلے میں بھی پارٹی رہنماؤ ں اور کارکنوں کو اپنی تجاویز سے پارٹی قیادت کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی ۔