• news

چین کے تعاون سے تاریخ کا دھارا بدلنے کا وقت آ گیا‘ اندھیرے دور کر دیں گے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کی جانب سے پاکستان میں 32 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے تاریخی پیکیج سے ملک میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ معیشت کو استحکام ملے گا اور روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے۔ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری، شہد سے میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔ پاکستان کے لئے اعلان کردہ بڑے سرمایہ کاری پیکیج پر عملدرآمد سے دوستی کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا اور دونوں ممالک کے تجارتی و معاشی روابط مستحکم ہوں گے۔ حالیہ دورہ چین دونوں ملکوں کے درمیان سٹریٹجک اور اقتصادی تعاون کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہوا ہے۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار دورہ چین کے دوران تاریخ ساز سرمایہ کاری پیکیج پر چین کے سفیر سن ویڈانگ کے اعزاز میں تقریب سے خطاب میں کیا۔ شہباز شریف نے دورہ چین کو کامیاب بنانے کیلئے چینی سفیر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں لاہور شہر کی چابی کا تحفہ دیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی مخلص دوست ہے جس نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ نبھایا ہے۔ چین نے ہر بین الاقوامی فورم پرہمیشہ پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے۔ چین کے تعاون سے توانائی کے بحران اور اندھیروں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ چین کے تعاون سے تاریخ کا دھارا بدلنے کا وقت آ گیا ہے۔ چینی قیادت نے زبردست تعاون کا اعلان کرکے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ پاکستان میں چین کے سفیر سن ویڈانگ نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پاک چین دوستی کو مضبوط بنانے کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا ہے اور پاک چین ترقیاتی تعاون کی راہیں متعین کرنے کے حوالے سے شہباز شریف بہت متحرک ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے رومانیہ کے سفیر ایملیان آئیون نے ملاقات کی۔

ای پیپر-دی نیشن