واشنگٹن: پاکستانی سفیر جلیل عباس کی امریکی سینیٹر سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
واشنگٹن (اے پی پی) امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی سے مشرقی ورجینا سے سینیٹر جو منچن نے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستانی سفارتخانے کے مطابق اس موقع پر سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) آصف یاسین ملک بھی موجود تھے۔ جلیل عباس جیلانی نے امریکی سینیٹر کو دو طرفہ تعلقات، حال ہی میں منعقد اعلیٰ سطحی سٹرٹیجک وزارتی مذاکرات اور توانائی کی قلت کو حل کرنے اور معیشت کی بحالی کیلئے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ امریکی سینیٹر منچن نے پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی کو توانائی کی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں افغانستان میں امن اور استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا‘ دونوں فریقین نے افغانستان سے امریکی افواج کے ہموار اور منظم واپسی کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔