سرکاری تعلیمی اداروں میں انگلش میڈیم ختم کر کے اردو رائج کرنے کا فیصلہ
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) محکمہ تعلیم حکومت پنجاب نے سرکاری تعلیمی اداروں میں رائج انگلش میڈیم کو دو مرحلوں میں ختم کرکے اردو میڈیم رائج کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا۔ پہلے مرحلہ میں یکم اپریل 2014ء سے شروع ہونے والے تعلیمی سال میں اول تا سوئم کلاس تک اردو میڈیم جبکہ چہارم اورپنجم کو انگلش میڈیم میں ہی تعلیم دی جائے گی۔ سال 2015ء سے پرائمری حصہ کی تمام کلاسز کو اردو میڈیم کردیا جائے گا۔ معلوم ہواہے کہ پنجاب حکومت نے سرکاری سکولوں میں رائج انگلش میڈیم کے نتائج بہتر نہ آنے پر فیصلہ کیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں نصاب اردو میڈیم میں ہی رائج کیا جائے جس پرعمل درآمد نئے تعلیمی سال سے ہو گا۔ اس فیصلے کو اساتذہ تنظیموں نے سراہا ہے جبکہ ماہرتعلیم رانا مقرب الٰہی کاکہنا ہے کہ ہم کافی عرصہ سے مطالبہ کررہے ہیں کہ کسی بھی ایک میڈیم کو رائج کرنے کی بجائے آپشن کے طور پر میڈیم رائج کیا جائے اورکتابیں بھی دونوں میڈیم میں دستیاب ہونی چاہئے اسی طرح سالانہ امتحانات میں پرچہ جات بناتے وقت بھی دونوں میڈیم میں ہی پرچے بنائے جائیں۔