تحریک انصاف کی نیٹو سپلائی روکنے کی دلیل سمجھ سے بالاتر تھی: ظفر الحق
اسلام آباد (ثناء نیوز) خیبر پی کے میں حکمران جماعت تحریک انصاف کی طرف سے نیٹو افواج کیلئے صوبے کے راستے سامان رسد کی احتجاجاً بندش کے تین ماہ بعد دھرنے ختم کرنے کے فیصلے کو سیاسی حلقے اور مبصرین خوش آئند قرار دے رہے ہیں۔ سینٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کا نیٹو سپلائی روکنے کیلئے دھرنے دینے کا فیصلہ شروع ہی سے متنازعہ تھا۔ لوگ کہتے تھے کہ جب نیٹو افواج آئی تھیں تو پاکستان انکے ساتھ تھے، اور اب وہ جا رہے ہیں اور آپ ان کو روک رہے ہیں اسلئے پی ٹی آئی کی نیٹو سپلائی روکنے کی دلیل سمجھ سے بالاتر ہے خیبر پی کے حکومت نے خود کو احتجاج سے الگ رکھا لیکن پارٹی کارکن ٹرک روک رہے تھے۔ راجہ ظفرالحق نے کہا کہ نیٹو افواج کیلئے رسد بندش سے اس کام سے وابستہ اور خود صوبہ خیبر پی کے کو نقصان ہوا۔