سابق بھارتی آرمی چیف بیسیوں ساتھیوں سمیت بی جے پی میں شامل ہو گئے
نئی دہلی(نیوز ایجنسیاں) سابق بھارتی آرمی چیف جنرل (ر )وی کے سنگھ درجنوں ایکس سروس مین کے ہمراہ بی جے پی میں شامل ہو گئے ۔ بی جے پی کے سربراہ راج ناتھ سنگھ کی موجودگی میں ہفتہ کے روز انہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہی واحد قوم پرست جماعت ہے اس لئے اپنی خدمات کے لئے اس پارٹی کو چنا ، خواہش ہے کہ بی جے پی اقتدار میں آئے اور بھارت کو دنیا کی نمبر ایک طاقت بنا دے ۔ وہ اکثر مختلف ایشوز خصوصاََ پاکستان سے نرم دلی ، تجارت اور مقبوضہ کشمیر پر کمزور موقف سمیت دیگر مسائل پر کانگریس کو آڑھے ہاتھوں لیتے رہے ہیں ۔ جنرل (ر)وی کے سنگھ نے مزید کہا کہ بھارتی افواج کو قوم پرست بی جے پی کو اقتدار میں لانے کیلئے حمایت کرنی چاہیے، بھارت کو مستحکم اور مضبوط قوم پرست حکومت نصیب ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت ہوتی تو پاکستان کو بار بار ایل او سی کی خلاف ورزی اور بھارتی فوجیوں کے سر کاٹنے کی جرت نہ ہوتی ہے ۔ انہوں نے بھارتی افواج سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہم جنہوں نے سرحدوں کی حفاظت کی خدمات سرانجام دیں قوم پرست قوتوں کیساتھ ملکر چلنا چاہیے ، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ بی جے پی کو ملکی استحکام ، طاقت اور ملکی مفاد کیلئے فیصلہ سازی کیلئے اقتدار میں لائینگے۔واضح رہے کہ سابق بھارتی آرمی چیف جنرل (ر)وی کے سنگھ 63سال کی عمر میں مئی 2014 میں بھارتی فوج سے ریٹائرڈ ہو چکے ہیں ، ریٹائرمنٹ سے قبل کبھی کبھار جبکہ ریٹائرڈ ہونے کے بعد انہوں نے پاکستان سے بہتر تعلقات کی خواہش رکھنے پر کانگریس حکومت کوآڑھے ہاتھوں لیا ہوا ہے۔