فیروز والا: کچہری میں مسلح افراد کی مخالفین پر فائرنگ، ایک نوجوان زخمی
فیروز والا (نامہ نگار) فیروز والا کچہری میں مسلح افراد نے پولیس حراست میں مخالف اور اسکے دیگر ساتھیوں پر فائرنگ کر دی جس کے باعث ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔ زبردست فائرنگ سے کچہری میں خوف و ہراس اور بھگدڑ مچ گئی۔ لوگوں نے دوڑ کر اور وکلا کے کمروں میں چھپ کر پناہ لی۔ پولیس نے آٹھ افراد کو حراست میں لے لیا اور اسلحہ برآمد کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ راوی روڈ کے رہائشی عمران حیدر کا بھائی کامران حیدر 4 سال قبل کالا شاہ کاکو کے قریب قتل ہو گیا تھا۔ اس کے مقدمہ میں گرفتار ملزم ثقلین اور دیگر ضمانت پر رہا ہو کر آنے والے ملزمان جن میں دو عورتیں بھی شامل ہیں ایڈیشنل سیشن جج فیروز والا کی عدالت میں تاریخ پیشی پر آئے تھے۔ اس دوران مقدمہ قتل کے مدعی فریقین بھی آیا تھا جن کا آمنا سامنا ہو گیا دونوں فریقوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔ جھگڑے کی اطلاع پر عمران حیدر کے حامی نوید کچہری میں گھس آئے اور فائرنگ کی جس سے جی ٹی روڈ پر گرنے والی ٹریفک بھی جام ہو گئی۔ پولیس نے ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔