3 برس میں مالیاتی خسارہ کم کرکے 4 فیصد تک لانا ہدف ہے: اسحاق ڈار
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کے اقتصادی اصلاحات کے ہر اقدام میں شفافیت ہونی چاہئے، 3 سال میں مالیاتی خسارہ کم کرکے 4 فیصد تک لانا ہمارا ہدف ہے۔ اقتصادی اعشاریے معیشت صحیح سمت گامزن ہونے کی نشاندہی کررہے ہیں، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت وزارت خزانہ میں درمیانی مدت کے بجٹ فریم ورک اور اقتصادی اصلاحات یونٹس کا اجلاس ہوا۔ وفاقی وزیر کو بتایاگیا کہ تین سالہ درمیانی مدت کے میکرو اقتصادی فریم ورک پر سختی سے عمل کیاگیا ہے اور بنچ مارک کمنٹمنٹس پر توجہ دی گئی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمیں کارکردگی پر مبنی بجٹ پر عمل پیرا ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا غیرمفید اخراجات میں کمی کرنی چاہئے اور غریبوں اور ضرورت مندوں کے سماجی تحفظ پر توجہ دینی چاہئے۔