• news

آپس کی لڑائیاں جہاد نہیں، سازش کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے: حافظ سعید

لاہور+ ننکانہ صاحب (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) جماعۃ الدعوۃ کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان میں اپنی ذلت آمیز شکست کا بدلہ پاکستان میں عدم استحکام دہشت گردی، دھماکے اور ملک بھر میں افراتفری پھیلا کر لینا چاہتا ہے، اس وقت مسئلہ طالبان کا نہیں امریکہ اور بھارت کی سازشوں کا ہے، بھارت پاکستان کے دریائوں پر ڈیم بنا رہا ہے جس کے باعث بجلی اور پانی پاکستان میں ناپید ہوتا جا رہا ہے، جہاد کافروں کے خلاف ہوتا ہے، مسلمانوں کے خلاف نہیں، آپس کی لڑائیاں جہاد نہیں بلکہ اس سازش کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ننکانہ صاحب میں مقامی شادی ہال میں کارکنوں کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کی معیشت جن وسائل پر چل رہی ہے وہ تمام وسائل مسلمانوں کے پاس ہیں لیکن اس کے باوجود مسلمان اسوقت ذلیل و خوار ہو رہے ہیں، تبدیلی دنوں میں نہیں آتی اس کے لئے ایک لمبا عرصہ درکار ہوتا ہے اب پھر مسلمان جہاد کی طرف آرہے ہیں۔ اس وقت عالمی منڈیوں پر اللہ کے دشمنوں کا قبضہ ہے اور ہمارے اسلامی ملکوں کو معاشی بدحالی پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ وہ وقت اب قریب ہے کہ امریکہ کی شکست کے بعد پوری دنیا کا منظر بدلنے والا ہے۔ اس وقت پاکستان میدان جنگ بنا ہوا ہے اس کے پیچھے امریکہ اور بھارت  کا ہاتھ ہے، اصل طالبان ان تمام کاموں سے دور ہیں امریکہ کے خلاف لڑنے والے طالبان پاکستان کو اپنا پشتی بان سمجھتے ہیں، موجودہ طالبان تنظیمیں امریکہ اور بھارت نے بنائی ہیں، پاکستان کے خلاف اسوقت بہت بڑی سازش کی جا رہی ہے۔ اس وقت مسلمان کو مسلمان کے خلاف لڑایا جا رہا ہے شعیہ سنی فساد کروائے جا رہے ہیں۔ تربیتی نشست سے کمانڈر نصر جاوید کے علاوہ دیگر مرکزی قائدین نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں جماعۃ الدعوۃ پاکستان نے ملک بھر میں تحفظ نظریہ پاکستان مہم شروع کر دی۔ حافظ محمد سعید کی ہدایات پر یکم مارچ سے شروع ہونے والی مہم کے حوالہ سے لاہور سمیت ملک بھر میں جلسوں، کانفرنسوں اور تربیتی اجتماعات جاری ہیں جن میں زندگی کے ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی بہت بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔ لاہور سمیت پورے ملک میں 23 مارچ تک روزانہ کی بنیاد پر مساجد و مدارس، چوکوں و چوراہوں اور دیگر پبلک مقامات پر نظریہ پاکستان کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں جماعۃ الدعوۃ کے علاوہ دیگر مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین خطاب کرینگے جبکہ 23  مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر سب سے بڑا پروگرام مینار پاکستان سے مسجد شہداء تک تحفظ نظریہ پاکستان مارچ ہو گا جس میں لاکھوں افراد شریک ہونگے۔ تحفظ نظریہ پاکستان مارچ کا آغاز مینار پاکستان سے ہو گا۔ بعدازاں مسجد شہداء پہنچ کر تاریخی جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا۔ جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنمائوں مولانا امیر حمزہ، مولانا ابوالہاشم اور حافظ خالد ولید نے کہا ہے کہ 23 مارچ کو پاکستان بنانے کی قرارداد منظور کی گئی تھی اور پھر مسلمانوں نے دوقومی نظریہ کی بنیاد پر لاالہ الااللہ کا نعرہ بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان مارچ، جلسوں اور ریلیوں میں ملک بھر کی تمام مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کو شریک کیا جائے گا۔ این این آئی کے مطابق نمرہ گارڈن شیخوپورہ میں کارکنوں کے تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مسلمانوںکی قربانیوں کے نتیجہ میں دنیا کے حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں۔ کشمیر اور پانیوںکے مسئلے حل کئے بغیر معاہدات کرنا بھارت کو شہ دینے کے مترادف ہے، نظریہ پاکستان کے سب سے بڑے پاسبان اس وقت مظلوم کشمیری ہیں۔
حافظ سعید

ای پیپر-دی نیشن