• news

پاکستان، بھارت جوائنٹ ورکنگ گروپ کا اجلاس کل ہو گا، ٹرک ڈرائیور کی رہائی کا معاملہ سرفہرست

اسلام آباد (آئی این پی)  پاکستان اور بھارت جوائنٹ ورکنگ گروپ کا غیر معمولی اجلاس (کل) منگل کو دہلی میں ہوگا جس میں   لائن آف کنٹرول پر تجارت اور سفر میں پیش مشکلات اور گزشتہ دنوں پیش آئے واقعات کے تناظر میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ اجلاس میں پاکستانی وفد کی سربراہی وزارت خارجہ کی ڈائریکٹر جنرل برائے جنوبی ایشیا رفعت مسعود کریں گی جبکہ  ڈائریکٹر جنرل ٹریول اینڈ ٹریڈ اتھارٹی آزاد کشمیر بریگیڈیئر (ر) محمد اسماعیل  سمیت دیگر حکام بھی اجلاس میں شریک ہونگے۔ دریں اثناء ڈائریکٹر جنرل ٹریول اینڈ ٹریڈ اتھارٹی آزاد کشمیر بریگیڈیئر (ر) محمد اسماعیل نے بتایا کہ نئی دہلی میں ہونے والے  پاکستان بھارت ورکنگ گروپ کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں زیر حراست آزاد کشمیر کے ٹرک ڈرائیور محمد شفیق اعوان کی رہائی کا مسئلہ ایجنڈا میں سرفہرست ہے۔ پھر دیگر معاملات پر بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ گروپ کے اجلاس میں منقسم ریاست جموں و کشمیر کے درمیان جاری ٹریول اور ٹریڈ کے حوالے سے بھی اہم بات چیت ہو گی۔ ہمارا یہ موقف ہے کہ اگر مستقبل میں خدا نہ خواسطہ آر پار آنے جانے والے کسی ٹرک سے کوئی ایسی شے بر آمد ہو جائے جو تجارتی لسٹ سے ہٹ کر ہو تو دونوں ممالک اس کے پابند ہوں کہ وہ ٹرک اور ڈرائیور اس کے ملک کے حوالہ کر دیں اور کسی بھی ملک کو یہ اجازت نہیں ہونی چاہئے کہ وہ اسے کے ٹرک کو ضبط اور ڈرائیور کو گرفتار کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں ہمارا قیام صرف دو ہی رات ہو گا، 4 مارچ کو ورکنگ گروپ کے اجلاس میں شرکت کر کے 5 مارچ کو واپس پاکستان آجائیں گے۔ ورکنگ گروپ کے اجلاس کے علاوہ کسی اور سے ملاقات متوقع نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن