طالبان بات چیت کیلئے تیار ہیں تو ہم بھی مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں: خورشیدشاہ
سکھر (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) پیپلز پارٹی کے رہنما اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اگر طالبان بات چیت کیلئے تیار ہیں تو ہم بھی مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں۔ اگر مذاکرات سے امن قائم ہو سکتا ہے تو اس کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم طالبان کو بے نظیر بھٹو سمیت ہزاروں معصوم افراد کا قاتل سمجھتے ہیں۔ اگرطالبان بات چیت کیلئے تیار ہیں اور اس سے ملک میں امن قائم ہوتا ہے تو ہم مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں، ہماری حکومت نے بھی سوات میں طالبان سے مذاکرات کئے تھے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ہم مذاکرات کے حامی ہیں، حکومت کو اب یہ دیکھنا ہے کہ طالبان فوجی کارروائیوں سے ڈر کر اپنے آپ کو جمع کرنے کیلئے وقت تو نہیں لے رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کی عوام کیلئے سوچا ہے ملک جن سنگین حالات سے گذر رہا ہے ان سے نمٹنے کیلئے حکومت کو سنجیدگی سے سوچنا پڑیگا، طا لبان نے جو جنگ بندی کا فیصلہ کیا ہے وہ خوش آئند اور اچھی بات ہے ہمیں امن چاہیئے وہ کسی بھی صورت میں ملے ہمیں قبول ہے، جمہوریت کے خلاف باتیں کر نے والے ایک بار پھر اکٹھے ہو چکے ہیں ہم ان کا بتا دینا چاہتے ہیں کہ جمہوریت ہی ملک کو چلا سکتی ہے۔ وزیراعظم ڈاکٹر نواز شریف کو ئی غلطی کریں گے تو ہم ان کے سامنے کھڑے ہونگے اور عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے انہیں صحیح را ستے پر لا نے کی بھرپور کو شش کریں گے ملک کو بچانے کیلئے ہمیں متحد ہونا ہی پڑے گا۔