• news

پنجگور: چیک پوسٹ پر راکٹ حملہ، صحبت پور میں گیس پائپ لائن تباہ

کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں) پنجگور میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر نامعلوم سمت سے دو راکٹ فائر کئے گئے۔ پولیس کے مطابق فورسز کی جوابی کارروائی کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے اور ان راکٹ حملوں سے کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ادھر کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص عبدالستار کو ہلاک کردیا۔ ادھر بختیار آباد میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں لیویز اہلکار عبدالصمد خان جاں بحق ہو گیا۔ ادھر پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص رحمت ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔ ادھر دشت کے علاقہ میں دیوار کے ساتھ نصب بم دھماکہ سے پھٹ گیا۔ خضدار کے علاقہ میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک شخص اسماعیل کو ہلاک جبکہ دوسرے کو زخمی کردیا۔ دریں اثناء ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں ایف سی کی کارروائی میں اسلحہ و گولہ بارود اور دس مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔ ایک مغوی کو بھی بازیاب کرا لیا گیا۔ پشین کے علاقہ سے لیویز نے ایک شخص کی زنجیروں میں جکڑی نعش قبضے میں لے لی ہے۔ کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے پنجگور میں فورسز پر حملے کے واقعہ کی ذمہ داری قبول کرلی۔ کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جنید بلوچ نے نامعلوم مقام سے فون کے ذریعے واقعہ کی ذمہ داری قبول کی۔ ادھر بلوچستان کے علاقے صحبت پور کے قریب نامعلوم افراد نے 8 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔ 24 انچ قطر کی گیس پائپ لائن تباہ ہونے سے بلوچستان کے متعدد علاقوں کو گیس کی فراہمی معطل ہو گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گیس لائن کے قریب چیک پوسٹ پر تعینات چار پولیس اہلکار لاپتہ ہو گئے۔

ای پیپر-دی نیشن