• news

لیسکو نے 90 ہزار ٹرانسفارمرز کی استعداد کار میں اضافہ کر دیا: ارشد رفیق

لاہور (ندیم بسرا) صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی اور سسٹم میں بہتری لانے کیلئے لیسکو نے تاریخ میں پہلی مرتبہ 4 ماہ کے ریکارڈ عرصے میں بڑی اور چھوٹی لائنوں پر رکاوٹوں کو ختم کردیا۔ لاہور، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ اور ننکانہ میں تمام لائنوں پر سے اور اردگرد سے درختوں کی مکمل کٹائی کردی گئی جس سے لیسکو کے سسٹم پر لگے 90 ہزار ٹرانسفارمر کی استعدادی صلاحیت بڑھ گئی ہے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو ارشد رفیق کی ہدایت پر پورے لیسکو میں 4 ماہ قبل تمام لائنوں کے اردگرد رکاوٹیں ختم کرنے کا ٹارگٹ دیا تھا۔ چیف لیسکو نے ہر ہفتے تمام سب ڈویژنز اور ڈویژنز اور سرکل کی سطح پر اس کام کی نگرانی کی جس کے نتیجے میں لیسکو کی حدود میں لائنوں پر ٹریٹ ٹرمنگ (درختوں، جھاڑیوں کی صفائی) کا کام پہلی مرتبہ سو فیصد مکمل ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کام کا سب سے بڑا فائدہ لیسکو میں نصب 90 ہزار ٹرانسفارمرز کی استعدادی صلاحیت کی صورت میں ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ سسٹم کی بہتری کیلئے مزید ٹرانسفارمرز لگا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس جنوری 2013 کے ماہ بلنگ ریکوری 96 فیصد تھی جو جنوری 2014 میں بڑھ کر 98 فیصد ہوگئی ہے۔ سرکاری محکموں سے 80 فیصد ریکوری کی گئی، پرائیویٹ صارفین سے 99 فیصد تک ریکوری کی گئی۔ دریں اثناء چیف ایگزیکٹو لیسکو ارشد رفیق نے تمام فیلڈ افسران کو آخری وارننگ دی اور کہا کہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دی جائیں۔ اوور بلنگ کی شکایات پر ایکسین، ایس ڈی او معطل کیا جائے گا۔ صارفین کو بلوں میں تصحیح فوری کی جائے اور اہل صارفین کی آسان شرائط پر قسطیں کی جائیں۔ چیف ایگزیکٹو نے ڈویژنز، سب ڈویژنز میں صارفین کی شکایات کے ازالے کے لئے مانیٹرنگ کمیٹی بھی قائم کردی ہے جو روزانہ کی رپورٹ چیف ایگزیکٹو لیسکو کو فراہم کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن