پھلوں ‘ سبزیوں کی قیمتوں میں ملا جلا رجحان‘ اتوار بازاروں میں خریداروں کا رش
لاہور (خبر نگار) صوبائی دارلحکومت میں گذشتہ روز اتوار بازاروں میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں ملا جلا رجحان رہا۔خصوصازیادہ ترپھلوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔اتوار بازاروں میں خریداروں کا رش رہا۔ صوبائی وزیر خوراک بلال یسین اور ڈی سی او لاہور نے اتوار بازاروں کا دورہ کیااور قیمتوں کا جائزہ لیا۔اتوار بازاروں میں فروخت ہونیوالی 30سبزیوں میں سے12سبزیوں (پیاز،ٹماٹر، پالک دیسی، بینگن، کھیرا، پھول گوبھی، ٹینڈیاں، ماڑو، کھیا کدو، مٹر، بھنڈی اور ساگ )کی قیمتوں میںکمی ہوئی اور14سبزیوں (آلو،لہسن چائنہ، ادرک چائنہ، ادک برما، ادرک تھائی لینڈ ، پالک فارمی ، لیموں، شملہ مرچ، سبزمرچ، مولی، مونگرے، شلجم ، گاجر اور میتھی )کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 4سبزیوں( بندگوبھی، لہسن، دیسی اور اروی ) کی قیمتیں برابر رہیں۔ 27 پھلوں میں سے4پھلوں (انارقندھاری، مالٹا کالا، اسٹابری اور گنڈیریاں )کی قیمتوں میںکمی ہوئی اور17پھلوں (سیب سفید، سیب میدانی، سیب امری، کھجور، کیلا اول، کیلا دوم ، مالٹا درجن، مالٹا شکری، چیکو ، مسمی درجن، امرود، شکر قندی، پپیتا، کینو اول، کینو دوم، بیر اور خربوزہ ) کی قیمتوں میںاضافہ ہوا جبکہ 6پھلوں(سیب پہاڑی، اناربدانہ، گریب فروٹ، انگور ایرانی، مکئی کے سٹے اور ناریل فی عدد )کی قیمتیں برابر رہیں۔مزید برآں ڈسٹرکٹ آفیسر (مانیٹرنگ اینڈ انکوائری) امین اکبر چوپڑا کی زیر نگرانی مختلف اتوار بازاروں ماڈل ٹائون، جوہر ٹائون،شالیمار، شادمان ،وحدت کالونی اوربیگم کوٹکو چیک کیا گیا اور گراں فروشی کرنے، غیر معیاری سبزی و پھل رکھنے اور مہنگے داموں فروخت کرنے والے دکانداروں کو5500/- روپے جرمانہ کیا۔