اٹک: ریس لگانیوالی ہائی ایس اور کارمیں تصادم ، باپ، بیٹے سمیت 5 افراد جاں بحق، 9 زخمی
اٹک (ثناء نیوز) مسافروں سے بھری ہائی ایس اور کار آپس میں تیز رفتاری پر ایک دوسرے پر سبقت کی کوشش کر رہی تھیں دونوں گاڑیوں کے ٹکرانے سے شدید تصادم ہوگیا اور کار کئی چکر لگا کر روڈ پر الٹ گئی جبکہ ہائی ایس بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے درخت اور بجلی کے کھمبے سے ٹکرا کر چکنا چور ہونے کے بعد سڑک کے نشیب میں جا گری ، جس کے نتیجہ میں حادثہ میں باپ بیٹا سمیت پانچ افراد جاں بحق اور ماں بیٹا سمیت نو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ جی ٹی روڈ ہٹیاں کے قریب پیش آیا۔ حادثہ میں باپ بیٹا نور الہٰی، نوید الہٰی، شفیق الرحمن، بابر سلیم، زیور خان سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔ موٹروے پولیس کی نااہلی کے سبب ہائی ایس کی فرنٹ سیٹ پر چار سواریاں موجود تھیں۔ ڈرائیور مقامی سابق ناظم کا بیٹا بتایا جاتا ہے جو حادثہ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔