• news

دہشت گردوں کا جو یار ہے، غدار ہے، بلاول طالبان نے عدلیہ پر بھی حملہ کر دیا، آصفہ

کراچی(اے پی اے)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایف ایٹ کچہری میں ہونےوالے دہشت گرد حملوں کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ نواز شریف اور عمران خان جب اپوزیشن میں تھے تو انہوں نے طالبان کیخلاف کسی آپریشن کا مطالبہ نہیں کیا تو اب یہ لوگ کیسے طالبان کیخلاف آپریشن کی حمائت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سہرا صرف سابق صدر آصف زرداری کے سر جاتا ہے جنہوں نے طالبان کیخلاف کامیاب آپریشن کیا اور سوات جیسے علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کیا۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ....دہشت گردوں کا جو یار ہے غدار ہے، غدار ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر بزدل لوگوں کے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہے تو وہ خاموش ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے طالبان سے مذاکرات کا مضحکہ خیز فیصلہ ہوا ہے ڈرون حملے بھی بند ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ معذرت خواہانہ رویہ اب ختم ہونا چاہئے۔ دریں اثنا سابق صدر آصف زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں ایف ایٹ کچہری واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک طالبان نے ملک اور فوج کے بعد عدلیہ پر بھی حملہ کر دیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ طالبان کے خلاف کارروائی کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا عدلیہ پر حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ طالبان پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔ طالبان آئین پاکستان کو نہیں مانتے تبھی انہوں نے ملک اور فوج کے بعد عدلیہ پر بھی حملہ کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن