نریندر مودی کو ووٹ نہ دینے پر اسکے ساتھی مسلمانوں کوتیزاب سے زندہ جلا دینگے : بھارتی وزیر
نئی دہلی (اے پی پی) بھارتی ریاست اتر پردیش کے وزیر اور سماج وادی پارٹی کے ر ہنما اعظم خان نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ گجرات کے مسلمان خوف اور دہشت کی وجہ سے مودی کو ووٹ دینے پر مجبور ہیں ،ووٹ نہ دینے پر مودی کے انتہا پسند مسلمانوں کو تیزاب سے زندہ جلادیں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم خان نے کہا کہ نریندر مودی دعویٰ کرتے ہیں کہ مسلمان ان کے ساتھ ہیں اور گزشتہ 10برسوں میں گجرات میں فسادات نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کا دعویٰ اس لئے درست ہے کیونکہ مسلمان ووٹرز سمجھتے ہیں اگر انہوں نے مودی کو ووٹ نہیں دیا تو انہیں مودی کے انتہا پسند ساتھی تیزاب سے زندہ جلائیں گے۔گجرات کے مسلمان خوف ‘ ڈر اور دہشت کی وجہ سے مودی کو ووٹ دینے پر مجبور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مودی وزیراعظم بنا تو وہ پورے ملک کو گجرات میں تبدیل کردیں گے۔ انسانیت کے قاتل کو بھارت کے وزیراعظم بننے کا کوئی حق حاصل نہیں۔