نئی دہلی : پاکستانی سفارتخانے کی آزادکشمیر کے تاجر نمائندوں کے اعزاز میں ضیافت
نئی دہلی (آئی این پی)آرپارتجارتی سرگرمیوں کیلئے مربوط میکنزم کوحتمی شکل‘ دینے کیلئے (آج) نئی دہلی میں پاکستان، بھارت حکام کی میٹنگ سے ایک دن پہلے نئی دہلی میں پاکستانی سفارتخانے میں وادی کشمیرکی مختلف تجارتی اورصنعتی انجمنوں کے ذمہ داروں کیلئے پر تکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔ ان میں جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز جموں کشمیر کے صدر ڈاکٹر مبین شاہ ، فیڈریشن آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کشمیر کے صدر محمد اشرف میر ، اسلام آباد چکوٹھیٹریڈ یونین کے جنرل سیکرٹری و سماجی کارکن ہلال ترکی ، کشمیر اکنامک الائنس کے چیئرمین محمد یاسین خان اور کشمیر چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر شیخ عاشق شامل ہیں۔ مجوزہ میٹنگ کی تصدیق کرتے ہوئے ڈاکٹر مبین شاہ نے نئی دہلی سے غیر ملکی خبر ایجنسی کو بتایا کہ اس میٹنگ میں آر پار تجارت سے جڑے مختلف معاملات کو زیر غور لایا جائیگا۔ اس حوالے سے اسلام آباد چکوٹھی ٹریڈ یونین کے جنرل سیکریٹری ہلال ترکی نے بتایا کہ 3مارچ کو پاکستانی سفارت خانہ میں پاکستانی اور پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے حکام کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کے دوران منقسم ریاست جموں وکشمیر کے آر پار 5برسوں سے جاری تجارتی سرگرمیوں کا معاملہ زیر غور لایا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ آر پار ٹریڈ سے جڑے تاجران کو مختلف سہولیات کی فراہمی سے متعلق معاملات کو پاکستان اور آزاد کشمیر کے حکام کی نوٹس میں لایا جائیگا اور ان پر زور دیا گیا ہے وہ ان تجارتی سرگرمیوں کو توسیع دینے کیلئے اپنی طرف سے مثبت اپروچ اختیار کریں۔