’’سوائن فلو‘‘ نشتر ہسپتال ملتان میں ایمرجنسی نافذ‘ مرغیوں سے وبا پھیلنے کا کہنا قبل از وقت ہے: ڈاکٹر عطاء الرحمٰن
ملتان (وقائع نگار خصوصی) ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر عاشق ملک نے انتظامی افسروں کے اجلاس کے بعد نشتر ہسپتال ملتان میں سوائن فلو کے مریضوں کی وجہ سے ہنگامی حالت نافذ کر دی۔ تمام انتظامی افسروں اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں 24 گھنٹے ہسپتال میں موجود رہنے اور اپنے موبائل فون کسی بھی صورت بند نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نشتر انتظامیہ کے مطابق سوائن فلو کے مریضوں کیلئے ہائی ڈیپنڈنس یونٹ (HDU) میں اور وارڈ نمبر 27 میں آئسولیشن کا بندوبست کر کے وینٹی لیٹر رکھے گئے ہیں جبکہ سٹاف کو ماسک‘ کیپ‘ گلوز فراہم کئے گئے ہیں اور متعلقہ عملہ کی ویکسینیشن کا بھی بندوبست کیا جا رہا ہے۔ دریں اثناء محکمہ صحت پنجاب نے سوائن فلو کی ٹرم کو ختم کر کے اے ایچ ون این ون انفلوائنزا کا نام دیدیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پروگرام کوارڈینیٹر وبائی امراض ڈاکٹر عطاء الرحمن خان نے کہا ہے کہ سوائن فلو کے پھیلنے کی وجوہات کا تعین کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مرغیوں کے گوشت سے اس مرض کے پھیلنے کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔