اسلام آباد حملے کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش، دہشتگردی کیخلاف پاکستان کے ساتھ ہیں: امریکہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) امریکی سفارتخانہ نے کہا ہے ایف 8 کچہری سانحہ کی تحقیقات میں مدد دینے کو تیار ہیں۔ امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہے۔ ترجمان امریکی سفارتخانہ نے کہا ہے کہ امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے ایف 8 کچہری سانحہ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ امریکہ اس سفاکانہ کارروائی کی پرزور مذمت کرتا ہے۔ امریکی سفیر نے اسلام آباد سانحہ میں جاںبحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔ قبل ازیں امریکہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستانی حکومت کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری جاری رکھی ہوئی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے عمران خان کے گزشتہ روز دیئے گئے بیان کے رد عمل میں کہا کہ امریکہ خطے کو پر امن اور مستحکم دیکھنا چاہتا ہے۔ پاکستانی حکومت کے ساتھ حالیہ سٹریٹیجک مذاکرات اور رابطے اس کا ثبوت ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ثبوت آپ کے سامنے ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کے پاکستان کے ساتھ قریبی رابطے ہیں۔ ترجمان نے عمران خان کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان کیساتھ مل کر دہشت گردی ختم کرنا اور خطے میں امن چاہتا ہے۔ امریکہ کے پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں، جین ساکی کا کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے گزشتہ سال پاکستان کا دورہ کیا تھا اور وہ پاکستان کا دوبارہ دورہ کرنے کے خواہاں ہیں۔