• news

نوجوان روشن مستقبل کی امید ہیں‘ شہباز شریف : دوسرے صوبوں کے طلبہ کے لئے بھی لیپ ٹاپ کا اعلان

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ نوجوان ملک و قوم کے درخشندہ ستارے اور قوم کے روشن مستقبل کی امید ہیں۔ نوجوان محنت، دیانت اور انتھک کاوشوں سے ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ طلباء حصول تعلیم پر توجہ دیں، اتحاد، نظم وضبط اور امید کے پیغام کو عام کریں۔ پنجاب حکومت نے فروغ تعلیم کے پروگراموں میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت دیگر صوبوں کے ذہین طلباء و طالبات کو بھی شامل کیا ہے جس سے قومی یکجہتی کو فروغ مل رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر لاہور کے دورے پر آنے والے دیگر صوبوں کے پوزیشن ہولڈر طلباوطالبات کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا۔ سندھ، خیبرپی کے، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، محنت، دیانت، امانت، میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کو اپنا کر ملک کے حالات کو درست کیا جاسکتا ہے۔ سندھ،کے پی کے، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات کو دل کی گہرائیوں سے لاہور میں خو ش آمدید کہتے ہیں۔ نوجوان نسل پاکستان کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہے۔ نوجوان اپنے تعلیم کے زیور کو صوبوں میں باہمی ہم آہنگی پیدا کرنے اور برداشت کے جذبات کو فروغ دینے میں استعمال کریں۔ پاکستان کو اس وقت بے انتہا چیلنجوں کا سامنا ہے۔ملک کو دہشت گردی اور انتہا پسندی نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ ہم سب مل کر اجتماعی کاوشوں کے ذریعے ملک کو تمام مسائل اور بحرانوں سے نجات دلا سکتے ہیں۔ پاکستان کوفلاحی اسلامی ریاست بنانے کے لئے ہم سب سے اپنا اپنا فرض ادا کرنا ہے۔ 23مارچ1940ء کی قرارداد پر عمل پیرا ہو کر قائد و اقبال کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے۔ صوبے میں فروغ تعلیم کے انقلابی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے محمد شہباز شریف نے کہا کہ غریب خاندانوں کے بچوں کو معیاری تعلیم دینے کے لیے صوبے میں دانش سکول قائم کیے گئے ہیں۔ دانش سکول قائم کر کے دراصل کم وسیلہ خاندانوں کو یقین دلایا گیا ہے کہ ان کا بھی وسائل پر پورا حق ہے۔ پنجاب بھر کے ہائی سکولوں میں جدید کمپیوٹر لیبز کا قیام، پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ، پوزیشن ہولڈرز کو بیرون ملک کے مطالعاتی دورے کرانا اوراساتذہ کی حوصلہ افزائی کرنا تعلیمی اصلاحات کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات کا دورہ لاہور قومی یکجہتی اور وحدت کو فروغ دینے کے لیے انتہائی اہم کردارادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے گذشتہ 68برس کے دوران ملک اور قوم کو مشکل حالات سے دو چار کرنے میں اشرافیہ کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔ ہم نے عزت وتوقیر سے زندگی بسر کرنی ہے تو قائد اور اقبال کے سنہرے افکار پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔ دہشت گردی اور کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا اور شفافیت، محنت اور میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنانا ہوگا۔ میں سمجھتا ہوں کہ ابھی بھی تاخیر نہیں ہوئی اور ہم صحیح راستہ چن لیں محنت، دیانت اور امانت کو شعار بنا لیں تو تاریخ کا دھارا موڑ سکتے ہیں۔ یہ مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے 32ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پیکیج کی پیش کش بہت بڑا تحفہ ہے لیکن اب ہمارا فرض ہے کہ اس سرمایہ کاری پیکیج سے پوری طرح استفادہ کریں اور قوم کی تواقعات پر پورا اتریں۔ پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات نے تعلیم اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم پنجاب کے دورہ پر اپنی مہمان نوازی کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ میٹروبس جیسے عظیم الشان منصوبے دوسرے صوبوں میں بھی ہونے چاہئیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے پنجاب بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن و امان قائم رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ حساس عمارات اور مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔ صوبے کے داخلی اور خارجی راستوں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے، مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔ سکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وہ گزشتہ روز صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں 2 ہزار پولیس اہلکارو ںپر مشتمل خصوصی پروٹیکشن یونٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ پولیس امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے کیلئے جانفشانی سے فرائض سرانجام دے۔ سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔ امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے میں خود ہفتے میں 2 باراجلاس کی صدارت کروں گا۔ امن و امان کی بہتری کیلئے پہلے بھی وسائل فراہم کئے ہیں، آئندہ بھی مہیا کریں گے لیکن متعلقہ اداروں کو قومی وسائل کا ذمہ داری کے ساتھ استعمال یقینی بنانا ہوگا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خصوصی پروٹیکشن یونٹ میں تعینات پولیس اہلکاروں کی جدید تربیت کا اہتمام کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران جھنگ کے ضمنی الیکشن میں ہوائی فائرنگ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایت کی کہ واقعہ میں ملوث تمام افراد کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو معطل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ہوائی فائرنگ کا کوئی واقعہ کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو لائیوسٹاک کے شعبے میں بین الاقوامی سطح پر اہم مقام حاصل ہے اور ڈیری اور گوشت کے شعبے کو فروغ دے کر قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔ پاکستان میں لائیوسٹاک میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستان اور چین عظیم دوستانہ تعلقات میں بندھے ہوئے ہیں۔دونوں ملکوں کو لائیو سٹاک اور حلا ل فوڈ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ وہ گزشتہ روز سی سی پی آئی ٹی چنگھائی گروپ کے چیئرپرسن وینگ چی ہوئی کی قیادت میں حلا ل فوڈ، لائیوسٹاک اور کارپٹ انڈسٹری سے وابستہ چینی وفدسے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پرپنجاب حکومت اور چینی گروپ کے درمیان حلال فوڈ اور لائیوسٹاک کے فروغ میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ دنیا بھر میں حلال فوڈ کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔اسی تناظر میں لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ سلاٹر ہائوس قائم کیا گیا ہے۔پاکستان چین کو حلال فوڈ برآمد کرکے کثیر زرمبادلہ کما سکتا ہے۔ سی سی پی آئی چنگھائی گروپ کے چیئرپرسن وینگ چی ہوئی نے وزیراعلیٰ کو دورہ چین کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ساتھ حلال فوڈ اور لائیوسٹاک میں تعاون کے خواہاں ہیں۔پنجاب کے ساتھ لائیوسٹاک اور حلال فوڈ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے جلد معاہدہ کیا جائے گا۔ انہوں نے لائیوسٹاک کے شعبے کی ترقی کیلئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے اقدامات کی تعریف کی۔ دریں اثناء شہباز شریف کی زیر صدارت گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں قائد اعظم سولر پارک کے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بہاولپور میں قائد ا عظم سولر پارک کے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور پارک میں ضروری انفراسٹرکچر فراہم کر دیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کوئلے، ہائیڈل، سولر اور دیگرذرائع سے توانائی کے حصول کے منصوبوں پر کام کررہی ہے۔ قائد ا عظم سولر پارک میں پنجاب حکومت 100میگا واٹ کا پاور پلانٹ خود لگا رہی ہے۔ ملک کی تاریخ کا پہلا سولر پاور پلانٹ اسی سال بجلی کی فراہمی شروع کر دے گا۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زیر علاج ایم پی اے زعیم حسین قادری کی عیادت کی۔ انہوں نے  زعیم حسین قادری کی جلد صحت یابی کے لئے دعابھی کی۔

ای پیپر-دی نیشن