شاہد آفریدی پھر چھا گئے‘ پاکستان بنگلہ دیش کو ہرا کر ایشیا کپ کے فائنل میں‘ بھارت آئوٹ ‘ ملک بھر میں جشن
میرپور+ لاہور (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) ایشیا کپ میں پاکستانی شیروں نے بنگالی ٹائیگرز کے جبڑوں سے تاریخی فتح چھین لی۔ شاہد آفریدی کی طوفانی بیٹنگ نے بنگالی شائقین کو رلا دیا۔ 7چھکوں اور 2چوکوں کی مدد سے صرف 25 گیندوں پر شاندار 59 رنز بنائے جبکہ احمد شہزاد نے 123گیندوں پر 103 سکور بنائے۔ مین آف دی میچ شاہد آفریدی قرار پائے، فائنل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان8مارچ کو کھیلا جائیگا۔ صدر، وزیراعظم و سیاسی قیادت کی قومی ٹیم کو فائنل میں پہنچنے پر مبارکباد۔ تفصیلات کے مطابق بوم بوم آفریدی نے صرف 18 گیندوں پر تیز ترین نصف سنچری کرکے بنگالیوں کے چھکے چھڑا دیئے۔ 53 رنز کے انفرادی سکور پر مشفق الرحیم نے شاہد آفریدی کا کیچ چھوڑ کر بنگلہ دیشی شائقین کو رونے پر مجبور کر دیا تھا۔ میچ ابھی سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوا تھا کہ شاہد آفریدی رن آئوٹ ہو گئے۔ انہوں نے 25 گیندوں پر 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ شاہد آفریدی کو رنز کیلئے وکٹوں کے درمیان دوڑنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔ انہوں نے ایمپائر سے رنر کی درخواست کی جسے رد کر دیا گیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کے نئے قوانین کے تحت کھلاڑی انجری کے باعث اب رنر حاصل نہیں کر سکتے۔ ایک روزہ میچوں میں بنگلہ دیش کے خلاف پاکستانی آل رانڈر شاہد آفریدی نے سب سے زیادہ رنز بنائے اور سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ میچ اس وقت سنسنی خیز صورت اختیار کر گیا جب پاکستان کو جیت کیلئے 3 گیندوں پر 2 رنز درکار تھے کہ فواد عالم رن آئوٹ ہو گئے۔ عمر اکمل نے چوکا مار کر پاکستان کو جیت سے ہمکنار کیا۔ پاکستان کی جانب سے ڈراپ شرجیل خان کی جگہ محمد حفیظ نے جوابی اننگز کا آغاز کیا۔ ان کے 52 رنز نے ہمت دلائی۔ احمد شہزاد شاندار سنچری کی بدولت مرد بحران بنے۔ بیٹنگ آرڈر تبدیل کرتے ہوئے کپتان مصباح کا تیسرے نمبر پر میدان میں آنا حیران کن ہوا، پھر چار رنز پر ان کا آٹ ہو جانا پریشان کن بن گیا۔ صہیب مقصود 2 رنز پر ایمپائر کے متنازع فیصلے کے باعث سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ عبدالرحمان کو نمبر چھ پر بھیجا گیا تھا۔ اس سے قبل میرپور کے شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میں میزبان ٹیم بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش کے اوپنرز انعام الحق اور امراء القیس نے شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انعام الحق نے ون ڈے کیرئیر کی دوسری نصف سنچری مکمل کی جبکہ امراء القیس نے کیرئیر کی دسویں ففٹی بنا ڈالی۔ میزبان ٹیم نے 150رنز کی شاندار پارٹنرشپ قائم کی۔ امراء القیس 59رنز پر محمد طلحہ کی گیند پر کیچ آٹ ہوئے۔ معین الحق 51 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ مشفق الرحمان 51اور شکیب الحسن 44رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ میچ کے آغاز میں ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے سپنر عبدالرحمان تین گیندیں فل ٹاس کروا کے میچ سے باہر ہوئے۔ عبدالرحمان کی جگہ یہ اوور فواد عالم نے مکمل کیا۔ پاکستان کی جانب سے سعید اجمل کے نے 2 جبکہ محمد طلحہ نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 326رنز بنائے تھے۔ ایشیاء کپ کا فائنل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 8مارچ کو کھیلا جائے گا۔ دوسری جانب صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے قومی ٹیم کو فائنل میں پہنچنے پر مبارک دی ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں بہت کرکٹ کھیلی، معلوم تھا کہ آخری اوورز میں رنز بنیں گے۔ احمد شہزاد، شاہد آفریدی اور فواد عالم نے اچھی بیٹنگ کی۔ سب جانتے ہیں شاہد آفریدی جب فارم میں ہوں تو انہیں روکنا مشکل ہے۔ پچھلے میچ کی طرح آج بھی شاہد آفریدی نے شاندار اننگز کھیلی۔ ٹیم کو اعتماد حاصل ہوا ہے۔ مین آف دی میچ شاہد آفریدی نے کہا کہ میچ کی صورتحال میرے مزاج کے مطابق تھی، بھارت کے خلاف کامیابی کے بعد مصباح الحق کو مجھ پر زیادہ اعتماد ہو گیا، اللہ نے مدد کی، بہترین پرفارمنس کی کوشش کی۔ مجھے کوجنگ سے زیادہ اعتماد کی ضرورت ہے۔ ظہیر عباس اور معین خان نے اعتماد میں اضافہ کیا۔ بنگلہ دیش نے بھی اچھا پرفارم کیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی بنگلہ دیش کو شکست دینے پر منچلوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی۔ منچلوں نے شاہراہ قائداعظم، لبرٹی چوک اور دیگر شاہراہوں پر بھنگڑے ڈالے اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے حق میں نعرے بازی کی۔ نوجوان پاکستان کرکٹ ٹیم کی فتح کا جشن مناتے رہے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں پاکستانی ٹیم کی جیت کی خوشی میںفائرنگ بھی ہوتی رہی۔ شہری گاڑیوں میں اونچی آواز سے ڈیک لگا کر سڑکوں پر ڈرائیو کرتے اپنی خوشی کا اظہار کرتے نظر آئے۔ بنگلہ دیش کیخلاف شاندار فتح کا حیدرآباد میں میں شائقین نے زبردست جشن منایا اور جیت کے ساتھ ہی گلی کوچے پاکستان زندہ باد کے ساتھ ہوائی فائرنگ سے گونج اٹھے۔ حیدرآباد، لطیف آباد اور قاسم آباد میں بنگلہ دیش میں کھیلے جانیوالے پاکستان بنگلہ دیش میچ کو دیکھنے کیلئے ہزاروں شائقین نے بڑی سکرینوں کا انتظام کیا تھا جہاں سارا دن منچلے جمع رہے، آخر میں شاہد آفریدی کے جارحانہ چوکوں اور چھکوں پر شائقین نے زبردست نعرے بازی اور فائرنگ کرکے داد دی اور فتح کا جشن منایا، آتش بازی بھی کی گئی اور رات تک چوراہوں اور گلیوں میں جشن کا سلسلہ جاری تھا، اس موقع پر مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔