دہشت گردی کے معاملے پر ہم اکٹھے ہیں: خورشید شاہ، فضہ کے گھر گئے، اظہار تعزیت
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) قومی اسمبلی میںقائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ بھارت اور اسرائیل کا نام لیکر ہم اپنی جان نہیںچھڑا سکتے، اگر اسلام آباد میں کارروائی طالبان نے نہیں کی تو وہ مذمت کرتے، تمام سیاسی اختلافات کے باوجود دہشتگردی کے معاملے پر ہم اکٹھے ہیں، شہریوں کو محفوظ بنانے کیلئے منصوبہ بندی کرنا ہوگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پمز ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں خورشید شاہ سانحہ کچہری میں جاں بحق ہونے والی فضہ کے گھر گئے اور ان کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اسلام آباد کی سکیورٹی پر حکومت کب توجہ دے گی ہم نہیں کہتے کہ یہ واقعہ حکومت کی ناکامی ہے۔ اسلام آباد واقعہ کے بعد یہ دنیا کی نظر میں آگیا ہے اسلام آباد کی سکیورٹی کیلئے منصوبہ بندی کرنا ہوگی میں نہیں مانتا کہ طالبان نے یہ حملہ نہیں کیا اگر طالبان نہ ہوتے تو وہ مذمت تو کرتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں استعفے دینے کا رواج بھی نہیں ہے اور نہ ہی ہم مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ موقع تنقید کا نہیں اور نہ ہی تنقید کرنا چاہتے ہیں مگر اس وقت حکومت کو سنجیدگی سے ایکشن لینا ہوگا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت کوئی ایسے ٹھوس اقدامات اور حتمی فیصلہ کرے تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ سانحہ اسلام آباد کچہری جیسے دہشت گردی کے واقعات سامنے رکھ کر محسوس کرے اور کوئی حتمی فیصلہ کرے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔