طالبان ہم سے اور ہم طالبان سے مذاق کر رہے ہیں: فضل الرحمان
اسلام آباد (آن لائن) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت طالبان کے ساتھ اصل رخ پر جانے کی بجائے مخالف سمت کی طرف بڑھ رہی ہے جو امن کی طرف قدم نہیں۔ وزیر اعظم نوازشریف کو مذاکرات کے حوالے سے بہتر مشورے دیئے تھے لیکن ان میں مشورہ قبول کرنے کی صلاحیت موجود نہیں، اگر طالبان کے ساتھ جنگ مقصود ہے تو پھر اسکا اعلان کیا جائے کیونکہ ہم نے طالبان کے ساتھ مذاق کیا اور وہ ہمارے ساتھ مذاق کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اس رخ پر جانا ہے جو ہمیں امن کی طرف لے جائیں اگر وہ سمت صحیح نہ ہو تو پھر اس بات کی ذمہ دار حکومت ہوگی جو کہ ابھی تک وہ اصل رخ پر گئے ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک مہینہ باقی ہے تو طالبان کے ساتھ سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات کرنے چاہئیں کیونکہ امن مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہو سکتا ہے جس کے لئے حکومت کو ہنگامی اقدامات کرنے ہوں گے۔