پاکستان نیپال کے راستے مجاہدین بھیج رہا ہے: بھارت کی ہرزہ سرائی
نئی دہلی(آن لائن) بھارت نے وزیراعظم من موہن سنگھ کے دورہ پاکستان کے امکانات کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان نیپال کے راستے مجاہدین بھیج رہا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ وزیراعظم من موہن سنگھ اپنی جائے پیدائش دیکھنے کے لئے بے تاب اور دورہ پاکستان کے خواہشمند ہیں تاہم جب تک پاکستان ممبئی حملوں کے ملزموں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچاتا اور دہشتگردی کا ڈھانچہ ختم نہیں کرتا تب تک یہ دورہ ممکن نہیں۔ وزارت داخلہ کے ایک سینئر عہدیدار نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان نیپال کی سرزمین بھارت مخالف سرگرمیوں کیلئے استعمال کررہا ہے بڑی تعداد میں مجاہدین کو نیپال کے راستے بھارتی حدود میں دھکیلنے کا سلسلہ جاری ہے۔