پارلیمنٹ لاجز میں غیر اخلاقی سرگرمیاں، ملوث ارکان کو نااہل قرار دینے کی درخواست دائر
اسلام آباد ( نمائندہ نوائے وقت) پارلیمنٹ لاجز میں غیر اخلاقی سرگرمیوں سے متعلق جمشید دستی کے انکشافات کے بعد سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کر دی گئی، درخواست گزار نے ملوث پارلیمنٹیرینز کو نا اہل قرار دینے کی استدعا کی۔ منگل کو محمود اختر نقوی کی جانب سے عدالت عظمیٰ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جمشید دستی کے پارلیمنٹیرینز پر شراب نوشی اور غیر اخلاقی حرکات میں ملوث ہونے کے الزامات کی تحقیقات کرائی جائیں۔ شراب نوشی میں ملوث پارلیمنٹیرینز کو نااہل قرار دے کر تنخواہیں اور مراعات واپس لی جائیں۔ درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ جمشید دستی کو ثبوتوں سمیت عدالت طلب کیا جائے۔درخواست میں سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینٹ ، سیکرٹری داخلہ اور الیکشن کمشن آف پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔