• news

سانحہ اسلام آباد بہیمانہ دہشت گردی ہے: چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ

کراچی(این این آئی) چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس مقبول باقر نے کہا ہے کہ دہشتگردی کا مقابلہ ثابت قدمی اور حوصلے سے کرنا چاہیے۔ وکلا دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔ وہ منگل کو سانحہ اسلام آباد کے خلاف سندھ ہائیکورٹ بار کے مذمتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں ایسے ادوار آتے رہتے ہیں ۔ہمیں مایوس نہیں ہونا چاہیے ،جس حوصلے سے قوم دہشت گردی کا مقابلہ کررہی ہے ،ہمیں ایک دن دن خوشحال پاکستان ضرور ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ سانحہ اسلام آباد ظالمانہ ،بہیمانہ اور دہشت گردی کی سنگین واردات ہے ،جس کی مذمت کے لیے الفاظ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا مقابلہ ثابت قدمی اور حوصلے سے کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا وکلا برادری، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کرے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ بار عدالتوں کی سیکورٹی کے حوالے سے جو اقدامات کرنے کا کہے گی ،ہم ان کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ایسے واقعات سے ججوں اور وکلاء کے حوصلے پست نہیں ہوںگے اور انصاف کی فراہمی کے لیے وہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کی نشاندہی کے بعد سائلین کو دوران سماعت کورٹ روم میں آنے کی اجازت دی جائے گی ۔ اجلاس سے خطاب میں سندھ ہائیکورٹ بار کے صدر زیڈ کے جتوئی نے دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات کا مطالبہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن