مظفر گڑھ: چینی انجینئرز کا پاور پلانٹ کیلئے مجوزہ جگہ کا دورہ، اہل علاقہ کا پلانٹ تنصیب کے خلاف احتجاج، وفد کے گھیرائو کی کوشش
مظفر گڑھ (آئی این پی) مظفر گڑھ پولیس کے ہمراہ چینی انجینئر زنے پاور پلانٹ کیلئے مجوزہ جگہ کا گزشتہ روز دورہ کیا ۔ اس موقع پر علاقہ کے افراد بڑی تعداد میں جمع ہوگئے اور پاور پلانٹ کی تنصیب پر شدید احتجاج کیا ، احتجاج کرنیوالے افراد نے وفد کا گھیرائو کرنے کی کوشش کی توپولیس نے چینی انجینئرز کو اپنے گھیرے میں لے لیا اور مجمع پر بندوقیں تان لیں جس پر لوگ منتشر ہوگئے۔ دریں اثنا اہالیان علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ موضع سدن والی میں کول پاور پلانٹ لگنے سے 50ہزار مقامی افراد بے گھر ہو جائیں گے۔ بعدازاں چینی انجینئرزکا وفد پلانٹ کی جگہ پر نشانات لگانے کے بعد بحفاظت پولیس کی معیت میں واپس روانہ ہو گیا۔