• news

عدل و انصاف پر حملہ کرنیوالے کسی طرح بھی مسلمان نہیں ہو سکتے: چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ

کوئٹہ (این این آئی) چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ عدل اور انصاف پر حملہ کرنے والے کسی بھی طرح مسلمان نہیں ہو سکتے۔ بلوچستان ہائی کورٹ بار روم میں اسلام آباد واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا قاتلوں کے موقف کو حد سے زیادہ پیش نہ کرے۔ میڈیا کیلئے قانون کی حد مقرر ہے جو اس کی خلاف ورزی کرتا ہے اس کیلئے سزا بھی مقرر ہے۔ درندوں اور انسانوں میں فرق ہونا چاہئے اسلام کو اگر دو الفاظ میں بیان کریں تو وہ عدل اور انصاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ قاتلوں کو بھی انصاف فراہم کرتی ہے مگر درندوں اور قاتلوں میں فرق ہونا چاہئے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ سمیت تمام ماتحت عدالتوں میں سیکورٹی کے انتظامات موجود ہیں وکلاء کو چاہئے وہ سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں۔ سپریم کورٹ بار کے نائب صدر عبداللہ خان نے کہا کہہ نواب اکبر بگٹی کے واقعہ کے بعد بلوچستان سمیت ملک بھر کے حالات خراب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں بیرونی ممالک شامل ہیں کیونکہ وہ پاکستان کو خوشحال نہیں دیکھنا چاہتے۔ تعزیتی ریفرنس میں بلوچستان ہائی کورٹ کے ججز ،ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اوربلوچستان بار کے عہدیداروں نے شرکت کی جبکہ ضلع کچہری بار روم میں بھی سانحہ اسلام آبادمیں شہید ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن