کراچی: 7 افراد خونریزی کا شکار، رینجرز چوکی پر فائرنگ، لیاری 5 دھماکوں سے گونج اٹھا
کراچی (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹر)کراچی میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں ایم کیو ایم کے کارکن سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ منگل کو پولیس کے مطابق لیاری کے علاقوں کمیلا سٹاپ، شاہ بیگ لائن اور چیل چوک پر دو گروپوں میں مسلح تصادم کے دوران 3 افراد مارے گئے۔ سمن آباد میں فائرنگ کرکے ایم کیو ایم کے رکن مشتاق کو قتل کردیا گیا۔ مقتول نائن زیرو پر اہم ذمہ داریاں نبھا رہا تھا۔ واقعہ کے بعد سمن آباد اور اطراف میں کاروبار بند ہوگیا۔ پولیس نے اورنگی ٹاؤن عوامی کالونی سے دو ڈاکو گرفتار کرلئے۔ سرجانی ٹاؤن سے ڈکیتی میں ملوث پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ لانڈھی سے عمیر عرف جیلر کی گرفتاری عمل میں آئی۔ ملزم کو مجلس وحدت المسملین کے رہنما سمیت 100 افراد کے قتل میں ملوث بتایا گیا ہے۔ سہراب گوٹھ سے 6 جرائم پیشہ کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چار ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے چار پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث روشن نامی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کا تعلق بنگال ٹائیگر گروپ سے بتایا گیا ہے۔ ماڑی پور کے علاقے مشرف کالونی سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2 کارندوں کو گرفتار کیا گیا ان میں شاہ حسین 12 جبکہ کاشف خان 10 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔ دریں اثنا رات گئے لیاری کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور دستی بم کے دھماکوں میں خواتین سمیت دس افراد زخمی ہو گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے کٹی پہاڑی میں رینجرز کی چوکی پر حملہ کر دیا تاہم رینجرز کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور ہلاک ہو گیا۔ منگھو پیر کنواری کالونی سے تشدد زدہ نعش ملی ہے لیاری میں گینگ وار کے دو گروپوں میں فائرنگ اور دستی بم حملوں کا تبادلہ ہوا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ فائرنگ اور دستی بم کے حملے کلاکوٹ، جھٹ پٹ مارکیٹ، ریکسر لائن اور چاکیواڑہ میں ہوئے جس میں دس افراد زخمی ہو گئے۔