بھارت خطرناک ممالک میں سرفہرست، بم دھماکوں میں افغانستان ،عراق کو بھی پیچھے چھوڑدیا
نئی دہلی (آن لائن) پاکستان میں دہشت گردی کا واویلا کرنے اور الزام تراشی کا راگ الاپنے والا بھارت دنیا کے خطرناک ممالک میں سرفہرست آ گیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارت کے نیشنل ڈیٹا سنٹر (ای بی ڈی سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق سال2013 ء میں بھارت بھر میں212 بم دھماکے ہوئے جو12برسوں سے جنگ کا شکار افغانستان کے مقابلے میں دوگنا ہیں۔ان دھماکوں میں 30 افراد ہلاک اور246 زخمی ہوئے۔ افغانستان میں گزشتہ سال دھماکوں کی تعداد108 بنگلہ دیش میں 75 اور شام میں36 تھی جبکہ نہ صرف گزشتہ سال بلکہ 2004 ء سے2013ء تک کے عرصے میں بھی بم دھماکوں کے حوالے سے بھارت نے افغانستان اور عراق کو بھی پیچھے چھوڑا۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہونے والے مجموعی دھماکوں میں بھارت کی شرح 75 فیصد ہے۔