اقوام متحدہ کے ترقیاتی اہداف تنہا پورے نہیں کر سکتے، عالمی برادری مدد کرے : پاکستان
نیویارک (اے این این) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب مسعود خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور توانائی بحران کی وجہ سے پاکستان اقوام متحدہ کے 15سالہ ترقیاتی اہداف اکیلے پورے نہیں کر سکتا، عالمی برادری کی مدد درکار ہے۔ گزشتہ روز اقوام متحدہ میں اوپن ورکنگ گروپ کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملینیم ترقیاتی اہداف کا امن و سلامتی سے گہرا تعلق ہے اور ان اہداف کو حاصل کر کے خطے میں خوشحالی، ترقی اور امن لایا جا سکتا ہے۔ پاکستان ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے پرعزم ہے، اقتصادی ترقی امن کے لئے ناگزیر ہے اور پاکستان جیسے ملک کو معاشی ترقی کی اشد ضرورت ہے، ہم غربت کے خاتمے، تعلیم اور صحت کی بہتری، خواتین کی ترقی سمیت دیگر امور میں اقوام متحدہ کے مشن کے ساتھ ساتھ چل رہے ہیں اور امید ہے اہداف کو پورا کیا جائے گا۔ پاکستان زرعی ترقی اور دیہی بہبود کے اہداف پر بھی سنجیدگی سے کام کر رہا ہے۔ پاکستان کو دہشت گردی جیسے سنگین بحرانوں کا سامنا ہے جنہیں حل کئے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ پاکستان کو ان اہداف کے حصول میں عالمی برادری کو بھی مدد کرنی پڑے گی۔ اقوام متحدہ کو پندرہ سالہ ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے ایک موثر مانیٹرنگ میکنزم بنانا پڑے گا اور پاکستان جیسے ملکوں کی امداد کرنا پڑے گی۔