ہنگو سے کرم ایجنسی جانے والے‘ فورسز کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ‘6 سکیورٹی اہلکار جاں بحق ‘10 زخمی ‘ انصار المجاہدین نے ذمہ داری قبول کر لی
ہنگو + پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں)ہنگو سے وسطی کرم ایجنسی جاتے ہوئے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملے کے نتیجے میں 6 اہلکار جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہو گئے۔ پشاور میں پولیس چوکی کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا جبکہ چارسدہ میں بم دھماکہ میں ایک شخص مارا گیا۔ تحصیل جمرود میں 2 افراد کی نعشیں ملی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سکیورٹی فورسز کا قافلہ ہنگو سے وسطی کرم ایجنسی جا رہا تھا کہ اورمیگئی کے مقام پر اسے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کی مدد سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 6 اہلکار جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے حملے کے بعد علاقے کا محاصرہ کر کے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کا قافلہ ہنگو سے کرم ایجنسی کے علاقے مناتو جا رہا تھا اورمیگئی کے مقام پر سڑک کے کنارے نصب بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ کئی زخمی اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔ عسکری ذرائع کا مزید کہنا تھا دھماکے کے بعد فائرنگ بھی کی گئی۔ زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب کالعدم انصار المجاہدین نے ہنگو میں سکیورٹی کے قافلے پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے ایف سی پر حملہ کرکے ڈرون حملوں سے ہزاروں قبائلیوں کی موت کا بدلہ لیا ہے۔ ادھر پشاور کے علاقے وزیر باغ میں پولیس چوکی کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ اہلکار کی شناخت ابن الحسن کے نام سے ہوئی جو کہ گھر سے نکل کر ڈیوٹی پر جا رہا تھا۔ علاوہ ازیں خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں دوافراد کی نعشیں ملی ہیں۔ خاصہ دار فورس کے مطابق تحصیل جمرود کے علاقے غڑیزہ سے دو افراد کی نعشیں ملی ہیں۔ دونوں افراد کو گولیاں مارکر قتل کیا گیا۔ مرنے والے پرویز اور بہار علی کا تعلق پشاور سے ہے۔ ادھر چارسدہ کے دور افتادہ علاقے پینکئی میں بم دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ ادھر پولیٹیکل انتظامیہ نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ ، میر علی، بویا، دتہ خیل، رزمک اور دوسالی میں بدھ کی صبح سے غیر معینہ مدت تک کیلئے کرفیو نافذ کردیا۔ جس کے بعد بنوں میران شاہ روڈ بھی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے۔ انتظامیہ نے کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گولی مار دینے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد سے خبر نگار خصوصی کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔