سینٹ کی خصوصی کمیٹی کا قائداعظمؒ سمیت تمام زعماء کی تقاریر محفوظ کرنیکا فیصلہ
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) سینٹ میں تھنک ٹینک تشکیل دینے کیلئے قائم کمیٹی کے کنونئیر سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ وہ بدھ کو سابق اور موجودہ سینیٹروں کی ایک کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے تھنک ٹینک یا کوئی فورم تشکیل دینے کیلئے کمیٹی نے سابق سینیٹر انور بھنڈر اور سیکرٹری سینٹ امجد پرویز ملک کی طر ف سے تیار کئے گئے ورکنگ پیپرز پر غور کیا۔ اجلاس میں کنوینر سنیٹر میاں رضا ربانی کے علاوہ سابق چیئرمین سینٹ وسیم سجاد، سابق سینیٹر چوہدری محمد انور بھنڈر کے علاوہ سنیٹرز مظفر حسین شاہ، مشاہد حسین سید، افراسیاب خٹک، سیدہ صغرٰ ی امام، فرحت اللہ بابر، روبینہ خالد، محمد محسن خان لغاری، نزہت صادق اور سیکرٹری سینٹ امجد پرویز ملک نے شرکت کی۔ اس موقع پر میاں رضا ربانی سابق سنیٹر انور بھنڈر اور سیکرٹری سینٹ امجد پرویز ملک پر مشتمل ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی جو دونوں ورکنگ پیپرز کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ تین ہفتوں میں تیار کریگی۔ کمیٹی میں تجویز پیش کی گئی کہ قومی اسمبلی اور سینٹ کے درمیان ہم آہنگی پیدا کر کے جہاں تک ممکن ہو مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے ۔ کمیٹی نے سینٹ سیکرٹریٹ کو ہدایت کی کہ سینٹ کے تمام چیئرمینوں کی رولنگز کو ایک کتاب کی شکل میں شائع کیا جائے۔ 1947ء سے اب تک بننے والے تمام قوانین کا انڈیکس تیار کیا جائے۔ نیز یہ بھی ہدایت کی گئی کہ سینٹ میں ہونیوالی تقاریر کو بھی محفوظ کیا جائیگا۔ بانی پاکستان قائدا عظم محمد علی جناحؒ سے لے کر تمام زعماء کی تقاریر لائبریری میں دستیاب ہوں۔ سیکریٹری سینٹ امجد پرویز ملک نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یو این ڈی پی نے تھنک ٹینک کیلئے غیر مشروط فنڈز فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے ۔
خصوصی کمیٹی