طالبان بتائیں انکے کون سے گروپ بات نہیں مان رہے: طاہر اشرفی
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان علما کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ طالبان بتائیں کہ کون سے گروپ ان کی بات نہیں مان رہے، حکومت اور طالبان جنگ بندی کے خلاف کام کرنے والے عناصر کو بے نقاب کریں۔، سکیورٹی پالیسی کی آڑ میں مدرسوں کے خلاف کارروائی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر اشرفی نے کہا کہ قومی سکیورٹی پالیسی میں بہت سی باتیں مثبت ہیں تاہم سکیورٹی پالیسی کی آڑ میں مدرسوں کے خلاف کارروائی نہ کی جائے، حکومت وفاق المدارس کی قیادت کے ساتھ بیٹھ کر ان مدارس کی نشاندہی کرے جہاں دہشتگردی کی تربیت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت افغانستان میں موجود دہشتگردوں کے کیمپوں کے حوالے سے واضح پالیسی اپنائے، مذاکرات کے خواہشمند طالبان سے مذاکرات کرے اور خون بہانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ حافظ طاہر اشرفی نے ہنگو، اسلام اباد اور خیبر ایجنسی میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد میں دہشتگردی کے حملے میں جاں بحق ہونے والے جج اور وکیل فضہ کے لئے تمغہ جرات کا اعلان کیا جائے۔