مداخلت کا الزام: سعودی عرب ‘ بحرین اور متحدہ عرب امارات نے قطر سے سفیر واپس بلا لئے
ریاض(ثناء نیوز + بی بی سی) سعودی عرب، بحرین اور متحدہ عرب امارات نے مشترکہ طور پر قطر پر ان ملکوں کے اندرونی مداخلت میں کرنے کے الزامات لگاتے ہوئے قطر سے اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا ہے۔خلیجی ملکوں کی تنظیم گلف کارپوریشن کونسل میں شامل ان تین ملکوں نے بدھ کو یہ اعلان ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ خیال رہے کہ قطر بھی گلف کارپوریشن کونسل کا رکن ہے۔اس بیان میں مزید کہا گیا کہ قطر تین ماہ قبل ریاض میں ہونے والے معاہدے کی پاسداری کرنے میں ناکام رہا ہے۔حالیہ برسوں میں قطر اور دیگر خلیجی ملکوں میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔اس مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ سوموار کو ریاض میں ایک اجلاس میں تینوں ملکوں نے قطر کو یہ سمجھانے کی بڑی کوشش کی کہ وہ 2013 میں مشترکہ سکیورٹی کے معاہدے پر عمل درآمد کرے۔سعودی عرب، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے بیان میں کہا گیا کہ بڑے افسوس سے کہا جا رہا ہے کہ قطر معاہدے کی پاسداری کرنے میں ناکام رہا ہے۔