• news

تمام حکومتوں نے مایوس کیا، ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے عالمی تحریک شروع کر دی: فوزیہ صدیقی

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو گیارہ سال گزرنے کے باوجود بھی رہا نہیں کرایا جا سکا۔ اب اسے رہا ہونا چاہئے۔ حکومت کب تک تسلیاں دیتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے عالمی تحریک شروع کر دی ہے۔ تمام حکومتوں نے مایوس کیا۔ کراچی سے اسلام آباد پہنچنے کے بعد بینظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فوزیہ صدیقی نے کہا کہ گیارہ سال ہو چکے ہیں ڈاکٹر عافیہ صدیقی تا حال رہا نہیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ اب عالمی سطح پر انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ مل کر ڈاکٹر عافیہ کا کیس لڑیں گے۔ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے عالمی تحریک دو مارچ سے شروع کر دی ہے دنیا بھر کی تنظیموں نے اس تحریک کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ فوزیہ صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں وزیر اعظم، وزیر داخلہ سے بھی ملاقات کروں گی۔ امریکی سکالر ماؤریسالان نے کہا کہ ایک بے قصور خاتون کو قید میں رکھنے پر اپنی حکومت پر شرم آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت کو معلوم ہے ڈاکٹر عافیہ صدیقی بے قصور ہیں اس کے باوجود انہیں رہا کیوں نہیں کیا جا رہا۔ امریکی سکالر ماؤریسالان نے کہا کہ امریکی حکومت اپنی نااہلی اور جرم کی وجہ سے خوفزدہ ہے۔ انہوں نے پاکستان اور امریکہ کی حکومتوں سے اپیل کی کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ جلد حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے بال حکومت پاکستان کی کورٹ میں ہے حکومت چاہے تو ڈاکٹر عافیہ صدیقی رہا ہو سکتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن