• news

دہشتگردی کیخلاف جنگ کیلئے ملنے والے فنڈز خیبر پی کے کو نہیں دئیے گئے: سراج الحق

پشاور (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ خیبر پی کے سراج الحق نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کیلئے جو فنڈز آئے وہ خیبرپی کے کو نہیں دیئے گئے، پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ دہشتگردی سے متاثرہ افراد کی بحالی کے نام پر جو امداد آئی وہ صوبائی حکومت کودی جائے تاکہ اس کو مصرف میں لایا جا سکے۔ صوبائی وزیر خزانہ نے کہا صوبے کے تمام لیڈرز صوبے کے حقوق کیلئے متحد ہیں۔ مالی مشکلات سے نکالنے اور صوبائی حقوق کے حصول کے لیے صوبائی اسمبلی میں موجودہ تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس سینئر صوبائی وزیر سراج الحق کے صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں سابق وزیر اعلیٰ و مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سردار مہتاب عباسی، پی پی پی کے محمدسلیم خان، جے یوآئی (ف) مولانا لطف الرحمان، اے این پی کے سردار حسین بابک، قومی وطن پارٹی کے سکندر شیر پائو، اے جے اے کے شہرام خان ترکئی، صوبائی وزراء شاہ فرمان، شوکت یو سفزئی، ممبران صوبائی اسمبلی مظفر سید، محمد علی، سیکرٹری فنانس سید بخار شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں پارلیمانی لیڈرز کو صوبے کے اقتصادی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور پارلیمانی لیڈرز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر صوبے کے حقوق کے لیے مشترکہ جدوجہد کریں گے۔ اجلاس کے بعد سینئر صوبائی وزیر سراج الحق نے پارلیمانی لیڈرز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت خیبر پی کے کو بجلی کے خالص منافع کے مد میںصوبے کا حق دے جو آئین کا تقاضا بھی ہے۔ انہوںنے کہاکہ آئین کے آرٹیکل (2 )161 اور AGN قاضی فارمولے کے تحت باقاعدگی سے پن بجلی کے خالص منافع کی ادائیگی صوبے کا مسلمہ اور بنیادی حق اور اس سلسلے میںکی جانے والی تاخیر آئین، مشترکہ مفادات کونسل اور صدارتی فیصلوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا خیبر پی کے صوبہ جنگ سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ پوری دنیا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر اور زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کے لیے فنڈز بھیجے لیکن ابھی تک وہ صوبہ خیبر پی کے کو نہیں ملے۔

ای پیپر-دی نیشن