کامونکی: خاندانی روایات پر عمل کرنیوالے شخص کا 60 سال سے گھوڑے پر سفر
کامونکے(نامہ نگار) گھوڑے پر سفرکرنا خاندانی روایت ہے جب سے ہوش سنبھالاہے گھوڑے پر سفر کر رہا ہوں، سمندری، فیصل آباد، گوجرہ تک گھوڑے پر سفر کر چکا ہوں۔ 75سالہ چودھری شوکت علی ورک پٹواری نے صحافیوں سے گفتگو کی۔ نواحی گائوں تولیکی ورکاں کے چودھری شوکت علی ورک پٹواری اکثرگھوڑے پر سوار ہو کر کامونکے آتا جاتا رہتا ہے اور جونہی وہ شہرکی گلیوں، بازاروں میں گھوڑے پر سوار ہو کر داخل ہوتا ہے تو لوگ بڑی حیرت سے اسے دیکھتے ہیں بالخصوص بوڑھے افراد کو گھوڑا پر سوار شخص کو دیکھ کر اپنا گزرا ہوا زمانہ یاد آجاتا ہے۔ نوائے وقت سے گفتگوکرتے اس نے بتایا اللہ تعالیٰ کا دیا ہوا میرے پاس سب کچھ ہے اصل میں گھوڑے پرسفرکرنا نہ صرف میرا شوق ہے بلکہ ہماری خاندانی روایت بھی ہے جوکہ سینکڑوں سال سے چلی آرہی ہے اور وہ اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے 60 سال سے گھوڑے پر ہی سفرکر رہے ہیں۔