سوائن فلو کے تین مریضوں کی حالت بدستور تشویشناک وزیراعلیٰ کی ہدایت پر مشیر صحت ملتان پہنچ گئے
لاہور+ ملتان (خصوصی رپورٹر+ وقائع نگار خصوصی) ملتان میں سوائن فلو کے تین ریضوں کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر مشیر صحت ملتان پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سیکرٹری ہیلتھ بابر حیات تارڑ کے ہمراہ گزشتہ روز نشتر ہسپتال ملتان کا دورہ کیا اور زیر علاج سوائن فلو کے مریضوں کی عیادت کی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محکمہ صحت، عالمی ادارہ صحت اور وبائی امراض کی روک تھام کے ماہرین کے تعاون سے سوائن فلو کی روک تھام کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہا ہے اور اس وقت تمام ماہرین ملتان میں موجود ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے نشتر ہسپتال میں سوائن فلو کے مریضوں کے علاج معالجے اور دیکھ بھال کے انتظامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ڈاکٹروں، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف پر زور دیا کہ وہ سوائن فلو کے مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج کرتے وقت اپنی حفاظت کے لئے تمام احتیاطی تدابیر بروئے کار لائیں۔ مزبد برآں ملتان کے وقائع نگار کے مطابق نشتر ہسپتال میں سوائن فلو کے تین مریضوں تونسہ کی رہائشی فرح شورکوٹ کے رہائشی اکرام اور ایک خاتون حرا کی حالت بدستور تشویشناک ہے اور انہیں وینٹی لیٹر کے ذریعے مصنوعی سانس دیا جا رہا ہے جبکہ سوائن فلو کے دیگر داخل 5 مریضوں اقبال‘ صابر ‘ رشید‘ امتیاز مائی اور سٹاف نرس تحسین کی حالت خطرہ سے باہر ہے ہسپتال ذرائع کے مطابق سوائن فلو کی مریضہ نسرین کو حالت بہتر ہونے پر ڈسچارج کر دیا گیا ہے جبکہ خانیوال کے ڈی ایس پی حاکم اور اس کی بیوی افشاں کے این ون ایچ ون کے رزلٹس نیگٹو آنے پر انہیں بھی ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔