ایف آئی اے کا چھاپہ، ہنڈی اور حوالے کے کاروبار میں ملوث دو افغان باشندے گرفتار
لاہور (سید شعیب الدین سے) افغان باشندوں کے ہُنڈی اور حوالے کے کاروبار میں ملوث ہونے کا ثبوت ملنے کے بعد دہشت گردی کیلئے آنیوالی رقوم کے پنڈی اور حوالے کے ذریعے منتقل ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے لاہور کی ٹیم نے بدھ کو ایبٹ روڈ پر ایک پلازہ کی پہلی منزل پر چھاپہ مار کر وہاں سے دو افراد حاجی لعل محمد اور شفیع اللہ کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے 3 لاکھ روپے کے علاوہ ہنڈی اور حوالے کی گئی رقوم کے شواہد بھی ملے۔ جن میں کابل سے پاکستان رقم بذریعہ ہنڈی بھجوانے کے شواہد بھی ملے۔ ملزمان حاجی لعل محمد اور شفیع اللہ کے قبضے سے ایف آئی اے کی ٹیم نے پہلے ڈیڑھ کروڑ روپے کی رقوم بذریعہ ہنڈی منگوانے اور بھجوانے کے شواہد جبکہ گزشتہ روز مزید اکیس کروڑ روپے ہنڈی اور حوالے کے ذریعے لین دین کے ثبوت مل گئے۔دونوں ملزم سوا سال سے غیر قانونی طور پر لاہور میں مقیم تھے۔ دونوں ملزمان کو ملنے کیلئے آنیوالے افراد بھی غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم ہیں۔ گزشتہ روز انہیں ملنے کیلئے آنے والے ایک شخص کا افغان سٹیزن کارڈ 31 دسمبر 2012 میں ختم ہو چکا تھا۔ دوسری طرف عدالت سے ان ملزمان کا ایف آئی اے کو صرف ایک روز کا ریمانڈ مل سکا۔ آج ان کی ضمانتیں منظور ہونے کی صورت میں ان کے غائب ہو جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔