عمر اکمل کے والد کی ٹریفک وارڈن سے معذرت پولیس افسران نے فریقین میں صلح کرا دی
لاہور (نامہ نگار+ سپورٹس رپورٹر) عمر اکمل کے والد کی جانب سے ٹریفک وارڈن ذیشان سے معذرت کرنے کے بعد پولیس کے اعلیٰ افسران نے فریقین میں صلح کرا دی ہے۔ گزشتہ روز معروف کرکٹر عمر اکمل کے والد اپنے بیٹے کی جانب سے ٹریفک وارڈن کے ساتھ کی جانے والی زیادتی پر تحریری معذرت کرنے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے دفتر پہنچے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن، سی ٹی او لاہور اور ٹریفک وارڈن ذیشان بھی موقع پر موجود تھے۔ عمر اکمل کے والد کی جانب سے معذرت کرنے پر وارڈن ذیشان نے کرکٹرعمر اکمل کو معاف کرتے ہوئے اپنے اعلیٰ افسران سے درخواست کی کہ عمر اکمل کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں نہ لائی جائے تاہم بعدازاں فریقین کے درمیان راضی نامی تحریر کرا دیا گیا ہے۔ قومی کرکٹر کے والد نے گذشتہ روز ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سے ملاقات کی اور اپنے بیٹے عمر اکمل کا ٹریفک وارڈن ذیشان سے ہونے والے جھگڑے کے حوالے سے غیر مشروط معافی نامہ پیش کیا۔ محمد اکمل کا کہنا تھا کہ ٹریفک وارڈن ذیشان میرے بیٹے جیسا ہے اگر عمر اکمل سے کوئی غلطی ہوئی ہے تو میں ذاتی طور پر اس کی معافی مانگتا ہوں۔ توقع ہے کہ عمر اکمل کے والد کی جانب سے معافی نام پیش کئے جانے کے بعد ٹریفک وارڈن کیس جلد اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا۔
ڈیرہ بگٹی: گیس پائپ دھماکے سے تباہ
ڈیرہ بگٹی (نوائے وقت رپورٹ) ڈیرہ بگٹی میں پیر کوہ گیس فیلڈ میں کنوئیں نمبر41 سے پلانٹ جانے والی 16 انچ قطر کی گیس لائن کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق پلانٹ کو گیس کی فراہمی معطل ہو گئی۔