• news

پنجاب پولیس وزیراعظم ‘ وزیراعلیٰ اور گورنر ہائوس کی سکیورٹی فول پروف بنانے میں ناکام

لاہور (معین اظہر سے) پنجاب پولیس وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ، گورنر ہاؤس اور اہم عمارتوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکی جس پر سپیشل برانچ کی سکیورٹی آڈٹ رپورٹ کے بعد ہوم ڈیپارٹمنٹ نے ائی جی پنجاب کو وی وی آئی پیز اور اہم عمارتوں کی سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے آئی جی پنجاب کو خط لکھ دیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی ہوم ڈیپارٹمنٹ کیپٹن (ر) سابق ظفر نے آئی جی پنجاب کو لکھا ہے کہ سپیشل برانچ کی جانب سے اہم عمارتوں کا سکیورٹی آڈٹ کیا گیا ہے جس میں اس عمارت کی سکیورٹی میں جو کمی اور کوتاہیاں ہیںا ن کی نشاندہی کی گئی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ 96 ایچ ماڈل ٹاؤن جو وزیراعلی پنجاب کی رہائش گاہ ہے۔ اسی طرح 180 ایچ ماڈل ٹاؤن جو کہ مسلم لیگ کا سنٹرل سیکرٹریٹ ہے۔ جاتی عمرہ میں پرائم منسٹر کی رہائش گاہ اور سٹیٹ گیسٹ ہاؤس جو مال روڈ پر ہے۔ گورنر ہاؤس کی سکیورٹی کے حوالے سے اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔ اسلئے خط میں لکھا گیا ہے کہ ان سکیورٹی اعتراضات کی روشنی میں فوری طور پر سکیورٹی کے انتظامات کو بہتر کر کے رپورٹ ہوم ڈیپارٹمنٹ کو بھجوائی جائے۔ اس کی کاپی چیف سیکرٹری پنجاب، وزیراعلی کے پی ایس او اور دیگر اعلی حکام کو بھجوائی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ان تمام عمارتوں کے سکیورٹی آڈٹ کیلئے ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے سپیشل برانچ کو کہا تھا جس کا مقصد تھا کہ دہشت گردوں کی طرف سے ملنے والی دھمکیوں پر وی وی ائی پی سکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے۔ وزیراعظم کی رہائش گاہ کے نزدیک انتظامات بہتر نہیں تھے نہ ہی کسی حملہ کی صورت میں وزیراعظم یا انکے اہل خانہ کیلئے کوئی پلان کسی کو پتہ تھا۔ اسی طرح گورنر ہاؤس جو کہ شہر کے وسط میں ہے اسکے اردگرد بھی سکیورٹی کے انتظامات کے بارے میں رپورٹ میں اعتراضات اٹھائے گئے ہیں کیونکہ اردگرد سے دہشت گرد گورنر ہاؤس میں داخل ہو سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن