قبائلی علاقوں میں جے یو آئی کے سوا کوئی بھی آپریشن کی مخالفت نہیں کررہا: فضل الرحمن
اٹک (ثناء نیوز) سربراہ جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں میں جمعیت علماء اسلام کے علاوہ کوئی بھی آپریشن کی مخالفت نہیں کر رہا، مذاکرات کا ماحول چھوڑ کر صرف 14 دنوں کیلئے بیرون ملک گیا تھا واپس آیا تو ہر طرف آپریشن کا ماحول دیکھا، سمت صحیح کئے بغیر مذاکرات سے امید لگانا عبث ہے، شرعی قانون سازی اگر شروع کردی جاتی تو آئین کا تقاضا بھی پورا ہوجاتا اور طالبان بھی مطمئن ہوجاتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرو کے نواحی گائوں ہارون اور دامان میں سید حسن شاہ کی عیادت اور شیخ الحدیث مولانا ظہور الحق سے ملاقات کے بعد خصوصی بات چیت میں کیا۔ انہوں نے کہا مذاکرات سے اچانک آپریشن کی طرف جاتے ماحول کو الحمد للہ ہم نے روکا ہے۔