• news

حج پالیسی کی سمری کابینہ کو بھجوا دی گئی: تمام حجاج ایک ہی کیٹیگری کے تحت جائینگے: وزیر مملکت

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبرنگار) حج 2014ء کی سفارشات پر مبنی سمری کابینہ کی منظوری کیلئے بھجوا دی گئی۔ ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق کابینہ کی منظوری کے بعد حج پالیسی کا اعلان کیا جائیگا اور پانچ رکنی کمیٹی قائم کردی جائیگی۔ رکن کمیٹی مکہ اور مدینہ میں عمارتیں کرائے پر لیگی۔ رواں برس ایک لاکھ 43 ہزار 368 عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔ سرکاری حج سکیم کے تحت 56 ہزار 684 عازمین بھجوائے جائیں گے جبکہ پرائیویٹ حج سکیم کے تحت 86 ہزار 684 عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔ وزیر مملکت برائے وزارت مذہبی امور پیر محمد امین الحسنات شاہ نے کہا ہے حج کے لئے تمام کیٹیگریز کو ختم کردیا گیا۔ رواں سال تمام حجاج کرام کو ایک ہی کیٹیگری کے تحت حج پر روانہ کیا جائیگا۔ جمعہ کو وقفہ سوالات کے دوران انہوںنے کہاکہ مکہ میں حرم کی توسیع کی جارہی ہے جس کی وجہ سے قریب رہائش کا حصول ناممکن ہوگیا ہے۔ اس بار حج پر جانے والے عازمین کی رہائشوں کا فاصلہ حرم سے کم از کم دو کلومیٹر ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن