• news

کشمیری طلباء پر تشدد، یونیورسٹی سے بیدخل کرنے کا مسئلہ دنیا کے سامنے اٹھایا جائے: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان بھارتی یونیورسٹی میں کشمیری طلباء پر تشدد اور انہیں بیدخل کرنے کا مسئلہ پوری قوت سے دنیا کے سامنے اٹھائے۔ ہمیںغاصب بھارت کا نہیں کشمیریوں کا اعتماد بحال کرنا ہے۔ مظلوم کشمیریوں سے لاالہ الااللہ کا رشتہ ہے۔ ہم نے اپنے دین اور ملت کے ان رشتوں کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ جماعۃ الدعوۃ کی تحفظ نظریہ پاکستان مہم ملک گیر سطح پر جاری ہے۔ نوجوان نسل کو قیام پاکستان کے مقاصد سے آگاہ کرنے کیلئے قریہ قریہ، شہر شہر جائیں گے۔ دوقومی نظریہ کی بنیادوں پر ملک حاصل کیا گیا تھا اسی نظریہ پر عمل کر کے وطن عزیز کا دفاع اور بیرونی سازشوں کا توڑ ممکن ہے۔ وہ جامع مسجد القادسیہ میں نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ وزارت خارجہ کی جانب سے کشمیری طلبہ کو پاکستانی یونیورسٹیوں میں داخلہ کی دعوت دینا خوش آئند اقدام ہے۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کی حقیقت، بھارتی مظالم اور اس کی ریاستی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔ بھارت اگر سمجھتا ہے کہ وہ ایسی مذموم حرکتوں سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کمزور کرنے میں کامیاب ہو جائے گا تو یہ اس کی خام خیالی ہے۔ حالیہ واقعات سے تحریک آزادی کشمیر مزید مضبوط ہو گی اور بھارت کومقبوضہ کشمیر پر سے اپنا غاصبانہ قبضہ ختم کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ قرآن پاک واضح طور پر مسلمانوںکی رہنمائی کرتا ہے کہ یہودو نصاری اور مشرک ہندو کبھی مسلمانوں کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں برصغیر میں کس طرح رہنا ہے؟ ہندوئوں کی سازشوں کا مقابلہ و توڑ کیسے ممکن ہے؟ اور ملک میں بدامنی اور دہشت گردی کو کس طرح ختم کرنا ہے؟ اس کیلئے ہمیں کتاب و سنت کی تعلیمات سے رہنمائی لیکر ان پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعۃ الدعوۃ تحفظ نظریہ پاکستان کی ملک گیر مہم جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہاکہ مسلمان گھروں میں قرآن و سنت نافذ کریں اور اپنے بیوی بچوں کی تربیت دینی بنیادوں پر کریں۔ اسی سے ہی دنیا و آخرت کی کامیابی ممکن ہے۔  

ای پیپر-دی نیشن